خانگی دواخانوں میں 31 اگست تک آکسیجن جنریشن پلانٹس کا قیام

   

Ferty9 Clinic

ریاستی حکومت کی واضح ہدایات ، کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کی تیاریوں کا آغاز
حیدرآباد۔30 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے امکانات کو دیکھتے ہوئے سرکاری اور خانگی دواخانوں میں آکسیجن اور دیگر انفراسٹرکچر کی دستیابی پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ ایک طرف تمام سرکاری دواخانوں میں آکسیجن جنریشن پلانٹس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تو دوسری طرف تمام خانگی ہاسپٹلس کو ہدایت دی گئی ہے کہ 31 اگست تک آکسیجن جنریشن پلانٹس قائم کردیں۔ ریاست میں کورونا کی تیسری لہر کی صورت میں آکسیجن کی کمی سے نمٹنے کیلئے یہ ہدایت دی گئی ہے ۔ دوسری لہر کے دوران آکسیجن کی کمی کے باعث کئی اموات واقع ہوئی تھی۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے انتباہ دیا کہ اگر خانگی ہاسپٹلس مقررہ مدت کے دوران لائیف سیونگ آکسیجن جنریشن پلانٹس کے قیام میں ناکام رہتے ہیں تو کورونا کے مریضوں کے علاج کی اجازت فوری منسوخ کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دواخانہ میں بیڈس کی تعداد کے اعتبار سے آکسیجن کی تیاری کے پلانٹس قائم کئے جائیں۔ 200 بستروں والے خانگی دواخانوں کو 500 لیٹر فی منٹ تیار کرنے والے پلانٹ قائم کرنے ہوں گے ۔ 500 بستروں کی گنجائش والے دواخانوں کیلئے ایک ہزار لیٹر فی منٹ اور اس سے زائد بستروں کی صورت میں 2000 لیٹر فی منٹ آکسیجن تیار کرنے والا یونٹ قائم کیا جائے۔ واضح رہے کہ حکومت نے دوسری لہر کے تجربات کو دیکھتے ہوئے کئی سرکاری دواخانوں میں آکسیجن جنریشن پلانٹ قائم کیا ہے۔ کیرالا ، مغربی بنگال اور آندھراپردیش حکومتوں نے کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کیلئے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے ۔ کیرالا میں 31 جولائی اور یکم اگست کو دو روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے ۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا کی تیسری لہر زیادہ مہلک ثابت نہیں ہوگی۔ ماہرین نے تیسری لہر میں بچوں کے زیادہ متاثر ہونے سے متعلق امکانات کو مسترد کردیا ہے ۔