نئی دہلی : مرکزی حکومت نے تمام خانگی دواخانوں کو کوویڈ ویکسین دینے کا مجاز قرار دیا ہے۔ حکومت کی اسکیم کے تحت یہ ویکسین دی جاسکتی ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے کہاکہ مرکز نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کوویڈ ویکسین سنٹرس قائم کرنے کے لئے خانگی دواخانوں کی صد فیصد گنجائش کو استعمال کریں۔ وزارت صحت نے کہاکہ ملک میں کوویڈ ویکسین کی کوئی قلت نہیں ہے۔ تمام ہیلت سنٹرس کو ویکسین مناسب مقدار میں الاٹ کی جارہی ہے۔ اِسی دوران کانگریس نے مودی حکومت پر تنقید کی کہ وہ خانگی دواخانوں کو کوویڈ ویکسین فروخت کرنے کی اجازت دی ہے۔ مہاراشٹرا کانگریس کے سینئر لیڈر پرتھوی راج چوہان نے کہاکہ خانگی دواخانوں کو 250 روپئے میں کوویڈ ویکسین کی خوراک دینے کی اجازت دینا افسوسناک ہے۔ یکم مارچ سے ملک گیر سطح پر ویکسین دینے کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا ہے۔