حیدرآباد۔ کورونا مریض کے زیورات کے سرقہ کے الزام میں بنجارہ ہلز پولیس نے ایک خانگی دواخانہ کے انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 75 سالہ ضعیف خاتون ساکن کنگ کوٹھی جسے 22 جولائی کو کورونا متاثر ہونے پر دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا اور بعد ازاں خاتون فوت ہونے کے بعد انتظامیہ نے نعش کی آخری رسومات انجام دی۔ متوفی کے ارکان خاندان نے اتوار کی صبح پولیس بنجارہ ہلز سے تحریری شکایت درج کروائی جس میں کہا گیا کہ دواخانہ شریک کرنے کے وقت مریض کے ہاتھ میں ہیرے کی انگوٹھی اور زیورات موجود تھے۔ فوت ہونے کے بعد دواخانہ انتظامیہ نے آخری رسومات کیلئے منتقل کردیا ۔ انسپکٹر کلنگا راؤ نے کہا کہ متوفی مریض کے رشتہ داروں کی شکایت پر سرقہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔