نئی دہلی، 12 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے مینوفیکچرنگ سیکٹر ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نجی شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے ۔ مودی نے ہفتہ کے روز یہاں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ روزگار میلے میں 51 ہزار لوگوں کو تقرری نامے تقسیم کرنے کے بعد یہ بات کہی۔ ان ملازمین کو حکومت کے مختلف محکموں اور تنظیموں میں تقرری ملی ہے۔وزیر اعظم نے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو ملک کی سب سے بڑی طاقت بتاتے ہوئے کہاکہ آج ہندوستان کی بہت بڑی طاقت ہمارا مینوفیکچرنگ سیکٹر ہے ۔ مینوفیکچرنگ میں بڑی تعداد میں نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو حوصلہ دینے کے لیے اس سال کے بجٹ میں مشن مینوفیکچرنگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس کے پیش نظر حکومت نجی شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بہت زور دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہند پرائیویٹ سیکٹر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے ۔ حال ہی میں، حکومت نے نئی اسکیم، روزگار پروتساہن یوجنا کو منظوری دی ہے ۔ مودی نے جمہوریت اور نوجوان آبادی کو ہندوستان کی لامحدود طاقت بتاتے ہوئے کہا، “آج 51 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو تقرری نامے دیئے گئے ہیں۔ ایسے روزگار میلوں کے ذریعے اب تک لاکھوں نوجوانوں کو حکومت ہند میں مستقل ملازمتیں مل چکی ہیں۔ اب یہ نوجوان ملک کی تعمیر میں بڑا کردار ادا کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ اور ریسرچ کے نظام کے ذریعہ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ آج ملک میں اسٹارٹ اپ، اختراعات اور تحقیق کا ایکو سسٹم بنایا جا رہا ہے ۔ جس سے ملک کے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو سب سے زیادہ مساوات والے ملک کے زمرے میں رکھا گیا ہے ۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دہائی میں ہندوستان کے 90 کروڑ سے زیادہ شہریوں کو فلاحی اسکیموں کے دائرے میں لایا گیا ہے ۔ آج عالمی بینک جیسے بڑے عالمی ادارے ہندوستان کی تعریف کررہے ہیں۔
16 واں روزگار میلہ : 51000 تقرر ناموں کی تقسیم
نئی دہلی12جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج 16ویں روزگار میلے کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مختلف سرکاری محکموں اور اداروں میں نئی تقرری پانے والے نوجوانوں کو 51,000 سے زائد تقرری نامے تقسیم کئے ۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے نو منتخب ملازمین سے خطاب بھی کیا ۔یہ پروگرام آج 11 بجے دن شروع ہوا اور اس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور قومی تعمیر میں ان کی شراکت داری کو فروغ دینا ہے ۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، روزگار میلہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو زیادہ ترجیح دینے کے وزیر اعظم کے عزم کی تکمیل کی سمت ایک قدم ہے ۔ روزگار میلہ نوجوانوں کو با معنی مواقع فراہم کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اب تک ملک بھر میں منعقدہ روزگار میلوں کے ذریعے 10 لاکھ سے زیادہ تقرری نامے جاری کیے جا چکے ہیں۔یہ روزگار میلہ ملک بھر میں 47 مقامات پر منعقد کیا جائے گا، یہ تقرریاں مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں اور محکموں میں کی جا رہی ہیں۔ ملک بھر سے منتخب ہونے والے نئے ملازمین وزارت ریلوے ، وزارت داخلہ، محکمہ ڈاک، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت ، محکمہ مالیاتی خدمات، محنت و روزگار کی وزارت اور دیگر محکموں اور وزارتوں میں شامل ہوں گے ۔