گنجائش سے زیادہ ٹسٹ ، وائرس میں اضافہ سے عوام خوفزدہ
حیدرآباد : تلنگانہ میں کورونا واقعات میں اچانک اضافہ ہوجانے پر عوام تشویش میں مبتلا ہیں ۔ تھوڑی سی بھی سردی ، کھانسی اور بخار ہونے پر ٹسٹ کرانے کے لیے خانگی لیابس کا رخ کررہے ہیں ۔ خانگی لیابس کی جانب سے گنجائش سے زیادہ نمونے حاصل کیے جارہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے نتائج کی اجرائی میں کافی تاخیر ہورہی ہے ۔ حکومت کی جانب سے کورونا ٹسٹ کے لیے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں خانگی لیابس کی جانب سے انہیں نظر انداز کرنے کی شکایتیں وصول ہورہی ہیں ۔ ریاست میں کورونا ٹسٹوں میں اضافہ کرنے کے بعد پازیٹیو کیسیس کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے خانگی لیابس کو منظوری دینے کے بعد عوام اپنا ٹسٹ کرانے کے لیے خانگی لیابس سے رجوع ہورہے ہیں ۔ کورونا وائرس کے نتائج کی نشاندہی کے لیے ڈاکٹر کی تصدیق لازمی ہے ۔ یہی نہیں ٹسٹ کروانے والے شخص کو حکومت کے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے تحت علامتوں کا ہونا بھی ضروری ہے ۔ تاہم خانگی لیابس کی جانب سے جو ٹسٹ کیے جارہے ہیں ان میں بیشتر افراد میں علامتیں بھی نہیں ہیں ۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر کی تصدیق کے بغیر نتائج جاری کئے جارہے ہیں ۔ حکومت نے ریاست میں 18 لیابس کو کورونا وائرس کا ٹسٹ کرنے کی منظوری دی ہے ۔ ان میں چند لیابس انہیں ناموں سے چلنے والے دوسرے برانچس میں بھی نمونے حاصل کرتے ہوئے ٹسٹ کررہے ہیں ۔ ریاست میں کورونا ٹسٹ کے لیے 10 سرکاری لیابس خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ان لیابس میں ٹسٹ کروانے کے لیے کوویڈ 19 کے قواعد ، واضع علامتوں کا ہونا یا ٹراویل ہسٹری ہونا ضروری ہے یا پھر کورونا کے متاثر سے رابطے میں رہنے کی صورت میں ہی یہاں ٹسٹ کیے جارہے ہیں ۔ ایسی علامتیں نہ رکھنے والوں کا ٹسٹ کرنے سے صاف انکار کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹسٹ کرنے کے باوجود بھی رپورٹ وصول ہونے میں تاخیر ہورہی ہے ۔ ساتھ ہی ریاست میں بھی ایسے کئی واقعات پیش آرہے ہیں ۔ مریض کو نتیجہ نگیٹیو برآمد ہونے کی رپورٹ دی جارہی ہے ۔ دو تین دن بعد دوبارہ پازیٹیو ہونے کی تصدیق کی جارہی ہے ۔ جس سے ٹسٹ کے لیے نمونے دینے والے افراد الجھن کا شکار ہورہے ہیں جو شخص کی رپورٹ نگیٹیو برآمد ہورہی ہے ۔ اس کو کم از کم ایس ایم ایس کرتے ہوئے بھی اطلاع نہیں دی جارہی ہے ۔ جس کی وجہ سے عوام خانگی لیابس کا رخ کررہے ہیں ۔ حکومت نے خانگی لیابس کو روزانہ کتنی تعداد میں ٹسٹ کیا جائے ۔ اس کی حد مقرر کی ہے ۔ مگر خانگی لیابس میں گنجائش سے زیادہ ٹسٹ کرنے کی بھی عام شکایت ہے ۔ حکومت نے خانگی لیابس کو یومیہ 400 ٹسٹ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ مگر خانگی لیابس میں اس سے زیادہ ٹسٹ کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے نتائج میں تاخیر ہورہی ہے ۔ جب کہ حکومت کے قواعد میں نمونے حاصل کرنے کے دوسرے ہی دن نتائج جاری کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں ۔ یہ بھی شکایتیں وصول ہورہی ہیں کہ خانگی لیابس حکومت کی جانب سے مقرر کردہ فیس وصول کرنے کے بجائے اس سے زیادہ فیس وصول کررہے ہیں ۔ ایک لیاب کے ذمہ دار نے بتایا کہ عوام لیاب کو پہونچکر اپنے نمونے دینے کے بجائے گھروں کو آکر نمونے حاصل کرنے پر بھی زور دے رہے ہیں ۔ عملہ کی کمی کے باعث نمونوں کو حاصل کرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔۔
