خانگی لیابس کو مقررہ شرح پر کورونا ٹسٹ کی ہدایت

   

وزیر صحت ای راجندر کا اجلاس، شرح میں اضافہ کرنے لیابس کے نمائندوں کی اپیل
حیدرآباد۔ کورونا ٹسٹ کیلئے خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس کی جانب سے زائد رقومات کی وصولی کی شکایت پر وزیر صحت ای راجندر نے آروگیہ شری ٹرسٹ دفتر میں خانگی لیابس اسوسی ایشن کے ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ حکومت نے 18 خانگی لیباریٹریز کو کورونا ٹسٹ کی اجازت دی ہے اور اس کے لئے 2200 روپئے کی شرح مقرر کی گئی لیکن 4000 روپئے وصول کرنے کی شکایت پر وزیر صحت نے یہ اجلاس منعقد کیا۔ وزیر صحت نے خانگی لیباریٹریز کو ہدایت دی کہ وہ حکومت کی مقررہ شرح پر نہ صرف ٹسٹ کریں بلکہ ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ اسوسی ایشن کے نمائندوں نے وزیر صحت سے درخواست کی کہ ٹسٹ کی شرح میں اضافہ کریں تاکہ لیباریٹریز کے اخراجات کی تکمیل ہوسکے۔ وزیر صحت نے خانگی لیباریٹریز کو مشورہ دیا کہ وہ موجودہ وباء کی صورتحال میں کورونا ٹسٹ کو بزنس کے طور پر نہ دیکھیں اور عوام کی خدمت کے جذبہ کے تحت ٹسٹ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کا بھی نتیجہ پازیٹیو آئے اس کی تفصیلات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جائیں اور وزارت صحت کو اس کی اطلاع دی جائے۔ ٹسٹ کیلئے آنے والے ہر شخص کو نتیجہ آنے تک آئسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی مسافرین میں کورونا کی علامات نہ ہونے کے باوجود ان کا ٹسٹ کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کی جاسکتی ہے۔ خانگی لیابس کو ٹسٹ کے سلسلہ میں پی پی ای کٹس کا لازمی طور پر استعمال کرنا چاہیئے تاکہ اسٹاف کو وائرس سے بچایا جاسکے۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے اسپیشل چیف سکریٹری شانتی کماری، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔