ہائی کورٹ کی اجازت کے باوجود حکومت کی خاموشی معنی خیز
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) ہائی کورٹ کی جانب سے تلنگانہ کے خانگی لیابس کو کورونا ٹسٹ کی اجازت کے باوجود حکومت نے آج تک علحدہ احکامات جاری نہیں کئے جس کے باعث خانگی لیابس کورونا ٹسٹ کے آغاز سے قاصر ہیں۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ سے منظورہ 14 خانگی لیابس کو ہائی کورٹ نے کورونا ٹسٹ کی اجازت دی تاہم اس کے لئے حکومت کی جانب سے اجازت لازمی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عدالت کے احکامات کے بعد خانگی لیابس کو عوام کی جانب سے ٹیلی فون کالس موصول ہورہے ہیں اور ٹسٹ کے بارے میں استفسار کیا جارہا ہے۔ لیکن یہ ادارے حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد خانگی لیابس نے اپنے قانونی مشیروں سے صلاح و مشورہ کیا لیکن انہیں حکومت کے احکامات کا انتظار ہے۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے دوسرے دن وزیر صحت نے کہا تھا کہ خانگی لیابس کو ٹسٹ کیلئے حکومت کے احکامات کا انتظار کرنا چاہیئے۔ ریاست میں ایک طرف کورونا ٹسٹ کی تعداد انتہائی کم ہے تو دوسری طرف حکومت خانگی لیابس کو ٹسٹ کی اجازت میں تاخیر کررہی ہے۔ دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں انتہائی کم کورونا ٹسٹ کئے گئے جس سے حقیقی صورتحال منظر عام پر نہیں آرہی ہے۔ مرکزی حکومت نے بھی تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ کی کم تعداد پر ناراضگی جتائی۔ اپوزیشن کی جانب سے ٹسٹ میں اضافہ کا مطالبہ شدت اختیار کررہا ہے۔
