خانگی لیباریٹریز میں کورونا ٹسٹ روک دینے حکومت کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

ٹسٹ میں کئی بے قاعدگیاں، ماہرین کی کمیٹی نے حکومت کو رپورٹ پیش کی
حیدرآباد۔ حکومت نے خانگی لیباریٹریز کو کورونا ٹسٹ کرنے سے روک دیا ۔ خانگی شعبہ میں کورونا ٹسٹ کے معاملہ میں قواعد کی خلاف ورزی اور نتیجہ میں اُلٹ پھیر کی شکایات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ حکومت سے خانگی لیباریٹریز کو کورونا ٹسٹ کی اجازت کے ساتھ ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا تھا۔ مختلف شعبوں سے ٹسٹ سے متعلق شکایات ملتے ہی حکومت نے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جس نے مختلف لیباٹرریز کا معائنہ کرکے حکومت کو رپورٹ پیش کی۔ ماہرین کمیٹی رپورٹ میں خانگی لیباریٹریز پر قواعد کی خلاف ورزی و سیمپل حاصل کرنے تربیت یافتہ اسٹاف کو استعمال نہ کرنے کا الزام عائد کیا جسکے نتیجہ میں فرق آرہا ہے۔ کمیٹی نے شکایت کی کہ لیباریٹریز نے ٹسٹوں کی تعداد کو سرکاری ویب سائٹ پر اَپ لوڈ نہیں کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ لیباریٹریز نہ صرف غلط پازیٹیو رپورٹس دیتے پائے گئے بلکہ کورونا معاملہ میں لیباریٹری کا اسٹاف بے نقاب ہوگیا۔ کمیٹی نے قواعد اور گائیڈ لائنس کی خلاف ورزی پر بعض لیباریٹریز کے خلاف کارروائی کی شکایت ہے۔ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی گائیڈ لائنس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں معیاری ٹسٹ نہیں ہوپارہے ہیں اور تجارتی انداز نے ٹسٹ میں کورونا پازیٹیو نتیجہ میں اضافہ کردیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مقررہ طریقہ کے مطابق سیمپل حاصل نہ کرنے سے پازیٹیو کی جھوٹی رپورٹس آرہی ہیں ۔ حالیہ دنوں میں کیسوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے لیباریٹریز پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ رپورٹ کی بنیاد پر حکومت لیباریٹریز کے خلاف کارروائی کریگی۔ توقع ہے کہ حکومت عہدیداروں اور ماہرین کا پیانل تشکیل دیگی جو لیباریٹریز کے خلاف کارروائی یا پھر انہیں قواعد کے مطابق بنانے حکومت سے سفارشات کریگی۔ ڈائرکٹر میڈیکل اسوسی ایشن کی نگرانی میں کمیٹی نے مختلف لیباریٹریز کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا ۔ معائنہ میں پایا گیا کہ لیباریٹریز میں اسٹاف پی پی ای کٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات میں تساہل کررہا ہے جو ثبوت ہے کہ ٹسٹ کی انجام دہی میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی۔