خانگی لیباریٹریز کو 48 گھنٹوں کی مہلت

   

خامیوں کو درست کرنے کی ہدایت، قواعد کی خلاف ورزیوں کا انکشاف
حیدرآباد : حکومت نے کورونا ٹسٹ کے سلسلہ میں خانگی لیباریٹریز کو انتباہ دیا کہ وہ آئندہ 48 گھنٹے میں تمام خامیوں کو دور کرلیں جو کورونا ٹسٹ کے سلسلہ میں دیکھی جارہی تھیں۔ اگر یہ لیباریٹریز مقررہ مہلت کے دوران گائیڈ لائنس پر عمل کرنے میں ناکام رہیں تو کارروائی کی جائیگی۔ حکومت کی جانب سے تشکیل ماہرین کی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کئی خانگی لیباریٹریز میں گائیڈ لائنس کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نہ صرف گائیڈ لائنس کی خلاف ورزی کی جارہی ہے بلکہ صاف ستھرے ماحول کی فراہمی میں لیباریٹریز ناکام ہیں۔ سیمپل کلکشن کیلئے جو شرائط ہیں اُن سے انحراف کیا گیا اور ماہر اسٹاف کی کمی دیکھی گئی۔ حکومت کی جانب سے خانگی ہاسپٹلس اور لیباریٹریز کو ٹسٹ اور علاج کی اجازت دیئے جانے کے بعد سے بڑے پیمانے پر کورونا پازیٹیو کیس منظر عام پر آئے اور حکومت کو اندیشہ ہے کہ خانگی لیباریٹریز کی بیشتر رپورٹس میں خامیاں ہیں۔ خانگی لیباریٹریز میں تجارتی مقاصد اور صرف منافع کمانے بڑے پیمانے پر ٹسٹ کئے ہیں۔ ماہرین کی کمیٹی نے خانگی لیباریٹریز میں کئی ایک خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس نے کہاکہ اگر خانگی لیباریٹریز اپنی کارکردگی گائیڈ لائنس کے مطابق انجام نہ دیں تو اُنھیں مستقل طور پر کورونا ٹسٹ کی اجازت پر روک لگائی جاسکتی ہے۔