ٹیکنیکل ٹیم کی تشکیل، زیادہ تر نتیجے پازیٹیو آنے کے بعد حکام متحرک
حیدرآباد۔ ریاست میں کورونا وائرس کیسوں میں اضافے سے پریشان حال محکمہ صحت نے خانگی لیباریٹریز کے ٹسٹ پر شبہات ظاہر کئے ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ خانگی لیباریٹریز کورونا ٹسٹ کے معاملے میں انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی گائیڈ لائینس کو نظرانداز کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں پازیٹیو کیس بڑی تعداد میں ظاہر ہورہے ہیں۔ حکومت نے جیسے خانگی لیباریٹریز کو ٹسٹ کی اجازت دے دی اسے آمدنی کا ذریعہ بناکر بڑے پیمانے پر ٹسٹ کئے گئے و خانگی لیباریٹریز کے ٹسٹ کا زیادہ تر نتیجہ کورونا پازیٹیو آرہا ہے۔ حکومت نے خانگی لیباریٹریز میں ٹسٹ کے طریقہ کار اور شرائط کا جائزہ لینے ماہرین کا پینل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر جی سرینواس رائو ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ نے بتایا کہ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس بات کی جانچ کرے گی کہ خانگی لیابس میں ٹسٹ کے معاملے میں کیا کوتاہیاں ہیں۔ ٹیم میں بعض خانگی لیباریٹریز کا دورہ کرکے ٹسٹ کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے 18 خانگی لیابس کو ٹسٹنگ کی اجازت دی جس میں سے 16 نے چند دن قبل ٹسٹ کا آغاز کیا۔ بعض لیباریٹریز میں 60 تا 70 فیصد ٹسٹ پازیٹیو آرہے ہیں جس کے نتیجہ میں شبہات کی گنجائش ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اندیشہ ہے کہ ٹسٹنگ میں مقررہ قواعد اور گائیڈ لائینس کی پابندی نہیں کی گئی۔ ریاستی حکومت کے ویب سائٹ اور انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کے ویب سائٹس پر روانہ کی جارہی رپورٹس میں بھی فرق دیکھا گیا ہے۔ ٹیکنیکل کمیٹی حکومت کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے خانگی لیباریٹریز کی صورتحال سے واقف کرائے گی۔ خانگی لیابس کے ٹسٹ رپورٹ کے بارے میں پہلے ہی عوام کو شبہات پائے جاتے ہیں، ایسے میں کورونا ٹسٹ پر محکمہ صحت کے اعتراضات سے عوام کے اندیشوں کو تخویت حاصل ہورہی ہے۔ ڈاکٹر سرینواس نے بتایا کہ ٹیکنیکل کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ماہرین کی کمیٹی کورونا ٹسٹ کے بارے میں نئے گائیڈ لائینس کا تعین کریگی۔ تاکہ خانگی لیابس میں ٹسٹ کے معاملے میں کوئی لاپرواہی نہ کی جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں بعض مریض محکمہ صحت کے عہدیداروں سے رجوع ہوئے اور رپورٹ کے پازیٹیو آنے پر شبہات کا اظہار کیا۔ انہوں نے شکایت کی کہ ٹسٹ کا طریقہ کار حکومت کے طے کردہ گائیڈ لائینس کے مطابق نہیں ہے اور خانگی لیابس صرف تجارتی فائدے کے حساب سے ٹسٹ کرنے میں ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کررہے ہیں۔