خانگی مدارس کے اساتذہ اور عملہ کو امداد کی فراہمی

   

پداپلی میں 25 کیلو چاول کی تقسیم کا آغاز، کلکٹر ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا کا خطاب

پداپلی: ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے کہا کہ ضلع کے ہر اہل خانگی معلم و عملہ کو حکومت کی جانب سے امداد فراہم کی جائے گی۔کالوا شری رامپور منڈل کے کالوا شری رامپور ، کونارم، جعفر خان پیٹ مواضعات کا بروز جمعرات ضلع کلکٹر نے اچانک دورہ کیا اور کالوا شری رامپور موضع کے خانگی اساتذہ میں 25 کلو باریک چاول کی تقسیم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ مدارس کی دوبارہ کشادگی تک خانگی اساتذہ و عملہ کو ماہانہ -/2000 روپئے نقد رقم اور 25 کلو باریک چاول دینے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ کورونا کے تناظر میں مالی پریشانیوں کا سامنا کرنے والے خانگی اساتذہ و عملہ کا خیال کرتے ہوئے انھیں امداد فراہم کرنے کا منفردفیصلہ لے کر وزیر اعلیٰ کے سی آ ر نے ملک بھر میں ایک مثال قائم کی ہے۔ اس عمل کو مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دینے کی ضلع کلکٹرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ عہدیداروں نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں جملہ 179 مسلمہ خانگی مدارس میں گذشتہ سال کے ریکارڈ کے مطابق بر سر خدمت اساتذہ و عملہ کی تفصیلات کی جانچ کرتے ہوئے اس اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ بعدازاں جعفر خان پیٹ موضع میں قائم کردہ نرسری کا معائنہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے پودوں کی افزائش سے متعلقہ اہداف ، بیاگوں میں مٹی بھرنے کے عمل سے متعلقہ تفصیلات دریافت کیں۔ نرسری کے کاموں میں طئے کردہ اہداف کے مطابق کاموں کو روبہ عمل لانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ہریتا ہارم لائحہ عمل کے مطابق پودوں کو تیار رکھنے کی ہدایت دی۔ اس موضع میں عمل پیرا سوچھتا پروگراموں کا ضلع کلکٹر نے معائنہ کیا۔سماجی دوری برقرار رکھنے کے تحت وی۔آر۔اے کو تعینات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ پی ایچ سی کے حدود میں واقع مواضعات میں 45 سال مکمل کرنے والے ہر فرد کو لازمی طور پر کورونا ویکسن دینے اور اس ضمن میں آشا ورکرس، ایاین ایم اور آنگن واڑی ٹیچرس کو آپسی ہم آہنگی سے کام کرنے کی ہدایت دی۔ہسپتال میں کورونا ویکسن ،کورونا ٹسٹ اور متعلقہ امور پر ضلع کلکٹر نے تفصیلات دریافت کیں۔حکومت کے اہداف کے مطابق ہسپتالوں میں ٹیکہ اندازی عمل کو مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔اس موقع پر کالوا شری رامپور زیڈ پی ٹی سی ونگالاتروپتی ریڈی، ایم پی پی نونیٹی سمپت،تحصیلدار سنیتا، ایم پی ڈی او کشن، ایم ای او راجیا، عوامی نمائندے ، متعلقہ عہدیداران ضلع کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے۔