خانگی مدارس کے مسائل پر عنقریب مشاورتی اجلاس

   

جے اے سی وفد کو ایم ایل سی کویتا کا تیقن
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : کوویڈ 19 وبا کے باعث گذشتہ دیڑھ سال سے خانگی تعلیمی مدارس اور اساتذہ بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور انہیں کئی مسائل در پیش ہیں ۔ ان مسائل کی یکسوئی کے لیے کوشاں خانگی اسکولوں کے انتظامیہ کے ایک نمائندہ وفد نے رکن قانون ساز کونسل کے کویتا سے ملاقات کی ۔ پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ایک وفد نے کنوینر فضل الرحمن خرم کی قیادت میں کویتا سے خانگی مدارس کے مسائل اور اسکولی تعلیم کے موضوع پر تفصیلی بات چیت کی ۔ کویتا نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ ان مسائل کی یکسوئی کے لیے ہر ممکن مدد اور تعاون کریں گی ۔ سینئیر ٹی آر ایس قائد نے تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں جلد ہی ایک مشاورتی اجلاس طلب کریں گی ۔ وفد نے جن مسائل کی یکسوئی پر زور دیا ان میں ایکسٹینشن آف ٹمپریری ریکگنیشن ( ای ٹی آر ) کی تجدید ، جی ایچ ایم سی ٹیکسس کی معافی ، فائر اور ٹریفک این او سی کی اجرائی میں رعایت ، جی او ایم ایس نمبر 102 ، 180 سے متعلق مسائل شامل ہیں ۔ جے اے سی کنوینر فضل الرحمن خرم نے کویتا کو پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنس جوائنٹ کمیٹی کی باقاعدہ افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا جس سے انہوں نے اتفاق کیا ۔ کویتا نے خواہش کی کہ دسمبر 2021 ء کے وسط میں اس تقریب کیلئے کوئی تاریخ متعین کی جائے ۔ وفد میں میر غضنفر علی خاں جاوید ، میر محسن علی ، محمد مخدوم علی خاں اور سعید مجاہد علی شامل تھے ۔۔