ڈاٹا کے افشاء پر قوانین کے منتظر ، سرمایہ کار کمپنیوں کی گہری نظر
آخری قسط
حیدرآباد۔13فروری(سیاست نیوز) ہندستانی شخصی معلومات تحفظ بل کے متعلق نجی کمپنیوں اور تجارتی ادارو ںکو کافی توقعات وابستہ ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی نظریںبل کا جائزہ لینے والے جوائنٹ پیانل پر مرکوز ہیں کیونکہ پیانل کی جانب سے جو فیصلہ کیا جائے گا اس کے مطابق شخصی معلومات کے یکجا کرنے اور اس کی حفاظت کے سلسلہ میں قانون سازی کی جائے گی اسی لئے بڑی کمپنیوں کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ ہندستان میں شخصی معلومات کے تحفظ اور شہریوں کی تفصیلات کو یکجا کرتے ہوئے محفوظ رکھنے اور ضرورت پڑنے پر ان کی تفصیلات کی فروخت اور اس کے افشاء کے قوانین کا انتظار کیا جا رہا ہے لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے ان قوانین کے سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہندستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے دوران بھی کمپنیوں کی جانب سے اس قانون سے پیدا ہونے والے امکانات و خدشات کا جائزہ لیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ کمپنیوں کے ذمہ داران حکومت کے فیصلہ کا انتظار کررہے ہیں۔ کئی ایک سرکردہ کمپنیوں کا کہناہے کہ تجارتی خدمات انجام دینے والے ای ۔ کامرس اداروں کی جانب سے بھی اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ہندستانی شہریوں کے ڈاٹا اور ان کی شخصی تفصیلات کو محفوظ کیا جاسکے۔ٹکنالوجی ماہرین کا کہناہے کہ اگر ای کامرس ادارو ںاور تجارتی کمپنیوں کی جانب سے ہندستانی شہریوں کا ڈاٹا اور ان کی تفصیلات اکٹھا کی جاتی ہیں تو انہیں انتخابات کے علاوہ دیگر مواقع پر استعمال کیا جاسکتا ہے اسی لئے دنیا کے کئی ممالک میں شہریوں کی شخصی تفصیلات کو اکٹھا رکھنے کی کوشش کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں قانون سازی کا عمل جاری ہے ۔ یوروپی ممالک کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی شہریوں کی شخصی تفصیلات کو جمع رکھنے کی کسی بھی کمپنی کو اجازت نہیں ہے کیونکہ اگر ان کمپنیوں کی جانب سے اگر کسی بھی وجہ سے یہ ڈاٹاکا افشاء ہوتا ہے تو ایسی صورت میں اس ڈاٹا کا غلط استعمال ہونے کا خدشہ ہے اور ان ممالک میں شہریوں کی نجی و شخصی معلومات کے سلسلہ میں سخت قوانین کے باوجود ای کامرس اداروں کی جانب سے شہریوںکا ڈاٹا جمع کیا جاتا رہا ہے اور ڈاٹا کے افشاء کے کئی واقعات منظر عام پر بھی آچکے ہیں۔ ہندستان میں شہریوں کی شخصی معلومات اور دیگر امور کے سلسلہ میں قانون سازی اور سرکاری سطح پر تفصیلات کو محفوظ کئے جانے کے اقدامات کی صورت میں شہریوں کی شخصی تفصیلات افشاء نہیں ہوں گی اور اگر ای کامرس اداروں کو معلومات اکٹھا کرنے اور جمع کرنے کی اجازت فراہم کردی جاتی ہے تو ایسی صورت میں اس ڈاٹا کا تجارتی اغراض و مقاصد کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔اسی لئے شہریوں کی معلومات کو محفوظ رکھنے کے علاوہ انہیں افشاء ہونے سے روکنے کیلئے سخت قانون ناگزیر ہے۔