حیدرآباد /13 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) چکڑپلی کے علاقہ اشوک نگرمیں آج رات دیر گئے اُس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ایک طالبہ نے خانگی ہاسٹل میں خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ آج رات 10 بجے پیش آیا جب ورنگل سے تعلق رکھنے والی طالبہ 23 سالہ ایم پروالیکا نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے اشوک نگر علاقہ میں واقع برنداون گرلز ہاسٹل میں خودکشی کرلی ۔ اس واقعہ کے بعد سینکڑوں طلبہ نے علاقہ چکڑپلی میں سڑک پر اچانک دھرنا منظم کیا جس کے نتیجہ میں علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور ٹریفک بری طرح متاثر ہوگئی ۔ احتجاجی طلبہ نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ مسلسل پبلک سرویس امتحانات ملتوی کئے جانے پر پروالیکا دلبرداشتہ ہوگئی تھی جس کے نتیجہ میں یہ انتہائی اقدام کیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں مزید پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا لیکن احتجاجی طلبہ نے پروالیکا کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کرنے کیلئے انکار کردیا ۔ حیدرآباد کے نئے پولیس کمشنر سندیپ شنڈالیہ نے بتایا کہ وہ اس واقعہ کا جائزہ لے رہے ہیں اور چکڑپلی پولیس کی جانب سے ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے ہاسٹل کے کمرہ سے طالبہ کا ایک خودکش نوٹ بھی برآمد کیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔