خانگی ہاسپٹلس اور لیابس میں کورونا ٹسٹ کی اجازت

,

   

تلنگانہ ہائی کورٹ کا فیصلہ، حکومت کے احکامات کالعدم
حیدرآباد ۔21۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کووڈ۔19 ٹسٹ کو صرف سرکاری دواخانوں تک محدود کرنے سے متعلق تلنگانہ حکومت کے فیصلہ کو غیر دستوری قرار دیا اور حکومت کے احکامات کالعدم کردیئے ۔ گاندھی ہاسپٹل اور نمس میں کورونا ٹسٹ کی اجازت سے متعلق حکومت نے احکامات جاری کئے تھے ۔ خانگی ہاسپٹلس اور لیابس کو اجازت نہیں دی گئی ۔ جسٹس ایم ایس رام چندر راؤ اور جسٹس کے لکشمن پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے حکومت کے احکامات کو کالعدم کردیا اور کہا کہ عوام کو صرف سرکاری دواخانوں میں معائنے اور علاج کیلئے مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے کہا کہ جو لوگ آئی سی ایم آر سے منظورہ لباریٹریز اور ہاسپٹلس میں معائنے اور علاج کے خواہاں ہیں ، انہیں اجازت دی جائے۔ ڈیویژن بنچ نے مفاد عامہ کی درخواست پر یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کہا کہ گنجائش رکھنے والے افراد کو خانگی اداروں میں ٹسٹ اور علاج کی اجازت دے کر حکومت کو اپنی محدود سہولتوں کو غریبوں کیلئے محفوظ رکھنا چاہئے ۔ آئی سی ایم آر نے ریاست میں 12 خانگی لیابس کو کووڈ۔19 ٹسٹ کیلئے منظوری دی ۔ عدالت نے کہا کہ خانگی ہاسپٹلس و لیابس ضروری انفراسٹرکچر اور تجربہ کار عملہ کے ساتھ کورونا ٹسٹ اور علاج کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ زیادہ ٹسٹ سے کورونا کے خلاف لڑائی میں مدد ملے گی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے استدلال پیش کیا کہ میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں ریاستوں کو فیصلے کا اختیار حاصل ہے۔ تاہم ڈیویژن بنچ نے اس سے اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ عدالتوںکو اختیار ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست ایمرجنسی حالات میں صاف اور شفاف کارکردگی اختیار کرے۔