ہائی کورٹ کی نوٹس، درخواست مفاد عامہ کی سماعت
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس کے خلاف کارروائی میں ناکامی پر مرکز، تلنگانہ حکومت، انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ ، آئی آر ڈی اے اور ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کو نوٹس جاری کی ہے۔ عدالت نے خانگی ہاسپٹلس کی جانب سے کورونا کے علاج کیلئے من مانی رقومات کی وصولی کے خلاف کارروائی کے بارے میں وضاحت کرنے کی ہدایت دی۔ مفاد عامہ کے تحت ناگول سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے درخواست داخل کی اور کہا کہ خانگی ہاسپٹلس میں کورونا کے علاج کے سلسلہ میں عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ ایک طرف خانگی ہاسپٹلس زائد شرحیں وصول کررہے ہیں تو دوسری طرف انشورنس کا نہ ہونا اور نقلی دواؤں کی بہتات ہے۔ سرکاری وکیل نے درخواست گذار کو تیقن دیا کہ حکومت خانگی ہاسپٹلس پر کنٹرول کے سلسلہ میں احکامات جاری کرے گی۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان نے اس درخواست کو کورونا سے متعلق زیر التواء دیگر درخواستوں سے مربوط کرنے کی ہدایت دی۔
