خانگی ہاسپٹل میں خاتون کیساتھ دست درازی

   

ہاسپٹل انتظامیہ ملزم کو بچانے کوشاں، متاثرہ خاتون کے رشتہ داروں کا احتجاج
حیدرآباد 31 اگسٹ (سیاست نیوز) خواتین کی حفاظت کے لئے ریاست میں جاری مثالی اقدامات ان کے تحفظ میں ناکافی ثابت ہورہے ہیں۔ اس طرح کا ایک سنسنی خیز واقعہ آج منظر عام پر آیا۔ شہر کے معروف سنچوری ہاسپٹل بنجارہ ہلز میں ایک خاتون کے ساتھ دست درازی کا واقعہ منظر عام پر آیا۔ تاہم افسوس کہ ہاسپٹل انتظامیہ اس سارے معاملہ کو دیکھا اَن دیکھا کررہا ہے اور مریض کے رشتہ داروں کے ساتھ انصاف کے بجائے انھیں خاموش رہنے کا مشورہ دے رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعہ کے خلاف بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ پولیس بھی اس معاملہ میں تاحال خاموش ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ٹولی چوکی علاقہ کے ساکن ایک شہری نے اپنی بیوی کو ڈیلیوری کے لئے سنچوری ہاسپٹل میں شریک کروایا۔ 24 اگسٹ کو یہ لوگ ہاسپٹل میں شریک ہوئے۔ ڈیلیوری کے بعد 26 اگسٹ کے دن یہ واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون نے خود اپنے شوہر کو دست درازی کی شکایت کی جس کے بعد مسئلہ کو پولیس سے رجوع کیا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ اگر مریض کے رشتہ دار ہاسپٹل میں توڑ پھوڑ ہنگامی آرائی یا پھر ڈاکٹروں سے صرف بحث بھی کرتے ہیں تو ان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت فوجداری کارروائی وہ بھی فوراً کی جاتی ہے تو پھر ایسے معاملات میں کیوں نہیں جہاں مریضوں سے لاکھوں روپئے لینے تک علاج نہیں کیا جاتا اور پھر خواتین کے ساتھ ایسے واقعات بتایا گیا ہے کہ اس خاتون کے ساتھ 50 سالہ وارڈ بوائے اچوت راؤ نے دست درازی کی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔