خانہ پور میونسپلٹی میں بی جے پی امیدوار مونیکا چیرپرسن منتخب

   

بی آر ایس کے محمد شعیب نائب صدر نشین، کانگریس کی مساعی رائیگاں
حیدرآباد۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) نرمل ضلع کے خانہ پور میونسپلٹی کے چیرپرسن کے عہدہ پر بی جے پی امیدوار اے مونیکا اور وائس چیرمین کے عہدہ پر بی آر ایس کے محمد شعیب نے کامیاب حاصل کی۔ چیرپرسن اور وائس چیرمین کے عہدوں کے لئے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی نگرانی میں آج انتخابات ہوئے۔ میونسپلٹی میں 12 منتخب ارکان ہیں اور چیرپرسن کے الیکشن کو 2 مرتبہ ملتوی کیا گیا۔ مقامی رکن اسمبلی وی بجو نے بااعتبار عہدہ رکن کے طور پر اپنا نام شامل کرایا۔ وی بجو نے اس بات کی بھرپور کوشش کی کہ صدر نشین اور نائب صدر نشین کے عہدہ پر کانگریس امیدواروں کو کامیابی حاصل ہو۔ بی آر ایس کے ایک کونسلر کا مبینہ طور پر اغوا بھی کیا گیا۔ آج منعقدہ انتخابات میں بی آر ایس کی تائید سے بی جے پی امیدوار اے مونیکا کو چیرپرسن کے عہدہ پر کامیابی حاصل ہوئی جس کے جواب میں بی جے پی نے بی آر ایس کے محمد شعیب کو نائب صدر نشین کے عہدہ پر تائید کی۔ 12 رکنی میونسپلٹی میں بی آر ایس اور بی جے پی کے 4 ، 4 ارکان ہیں جبکہ کانگریس کو 3 اور ایک پر آزاد امیدوار کو کامیابی حاصل ہوئی۔ آزاد اور بااعتبار عہدہ رکن کی تائید سے کانگریس کے پاس 5 ارکان تھے۔ الیکشن کے دوران بی آر ایس نے بی جے پی کی تائید کی اور 7 ووٹوں کے ساتھ مونیکا چیرپرسن منتخب ہوئیں جس کے جواب میں بی جے پی نے وائس چیرمین کے لئے بی آر ایس امیدوار کی تائید کی۔ ہائی کورٹ کی ہدایت پر اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے انتخابات کا اہتمام کیا۔ دو مرتبہ التواء کے باوجود تیسری مرتبہ بی آر ایس، بی جے پی اتحاد کو کامیابی حاصل ہوئی۔ 1؍ F؍M