ریاض ۔ 19 مارچ (ایجنسیز) مکہ مکرمہ میں واقع مسجد الحرام اور خانہ کعبہ میں نمازِ تہجد کے بعد بارش کا روح پرور منظر دیکھنے میں آیا جس نے زائرین کے دلوں کو مسرور کر دیا۔بارش کے دوران ہزاروں کی تعداد میں عمرہ زائرین اور نمازیوں نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ عبادات جاری رکھیں جبکہ خانہ کعبہ کے گرد طواف کرنے والوں نے اس رحمتِ الٰہی کو خاص نعمت قرار دیا۔ بارش کے قطرے جب کعبۃ اللہ پر برسنے لگے تو پورا حرم ایمان افروز مناظر پیش کرنے لگا۔زائرین کا کہنا تھا کہ مقدس مقام پر بارش کا نزول اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت اور برکت کی علامت ہے جس نے عبادت کے ماحول کو مزید پْرسکون اور روحانی بنا دیا۔