غلاف کعبہ کی تبدیلی،حجر اسود کی صفائی ،کورونا سے حفاظت کیلئے مسجد حرام میں سخت اقدامات
ریاض۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )مسحد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے خانہ کعبہ شریف اور مقام ابراہیم کو جراثیم کش ادویات سے دھونے اور صاف کرنے کے لیے جدید ترین اوزون ٹکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ادارہ کی جانب سے غلاف کعبہ اور حجر اسود کی تزئین اور صفائی کے بعد انہیں کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیے سینیٹائز بھی کیا گیا۔سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ادارہ امور حرمین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے خانہ کعبہ میں سینیٹائزیشن اور حجر اسود میں عطر لگانے کے امور کی نہ صرف نگرانی کی بلکہ اس کام میں شریک بھی ہوئے۔شیخ السدیس نے اس موقع پر ادارہ امور حرمین میں کام کرنے والوں کی تعریف کی اور ان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا حرم مکی اور مسجد نبویﷺ کی خدمت عظیم کام ہے جس کے لیے رب تعالی نے لوگوں کو مخصوص کیا ہے ، اس لیے یہ ان سب پرلازم ہے کہ اپنے امور کی ادائیگی اخلاص سے کریں جو اجر وثواب کا بھی موجب ہے۔واضح رہے ادارہ امور حرمین کی جانب سے خانہ کعبہ کی صفائی اور غلاف کعبہ کی تزئین کے لیے مختلف اوقات مقرر کیے ہیں۔ موجودہ کورونا وائرس کی وجہ سے حرم مکی کو مکمل طور پر دن میں کئی بار جراثیم کش ادویات سے دھویا جاتا ہے تاکہ جراثیم سے مکمل محفوظ کیاجائے۔قبل ازیں خانہ کعبہ کی چھت ، دیواروں اور غلاف کعبہ کو مکمل طور پر دھونے کے بعد غلاف کومخصوص عطر سے معطر کیا جا چکا ہے۔ یہ عمل ہر برس رمضان المبارک میں انجام دیا جاتا ہے۔دریں اثنا سعودی اخبارالریاض کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے حرم مکی کے مختلف حصوں کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے جدید ترین ٹکنالوجی اوزون ٹکنیک استعمال کی گئی۔
ترکی میں جھوٹی خبروں پر 402 افرادگرفتار
انقرہ ۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ترکی میں سوشل میڈیا پر کورونا وائرس سے متعلق غلط، جھوٹی معلومات اور خبریں شیئر کرنے پر 402 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔سرکاری حکام کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد کے سوشل میڈیا پیغامات میں لاک ڈاون کے دورانیے کو بڑھانے سے متعلق غلط دعوے کئے جا رہے تھے۔ صارفین حکام پر الزامات عائد کر رہے تھے کہ کورونا اموات کی اصل تعداد کو چھپایا جا رہا ہے۔
