غزہ : غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں نے خان یونس میں جمعہ کی صبح دو گھروں کو نشانہ بنایا جس میں بچوں سمیت کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال کے مطابق، جمعہ 25 اکتوبر کو شہر خان یونس کے الفارا خاندان کے گھر کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے میں چودہ افراد مارے گئے اور ایک الگ فضائی حملے میں مزید 6 ہلاکتیں ہوئیں۔ بسال کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 16 سال سے کم عمرنو بچے بھی شامل ہیں۔ اے ایف پی کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک تصاویر میں خان یونس کے یورپی ہاسپٹل میں بچوں کے رشتے داروں کو غم زدہ دیکھا جا سکتا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں آپریشنل اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا، جنوبی غزہ میں فضا اور زمین سے متعدد دہشت گردوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں علاقہ کے شمال میں شدید فضائی اور زمینی حملے کیے گئے، جہاں اسرائیلی فوج کے مطابق حماس کے عسکریت پسند دوبارہ منظم ہو رہے ہیں۔