غزہ : اسرائیلی فوج نے جمعہ کی صبح غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع شہر رفح کے مشرقی علاقوں پر فضائی حملے شروع کیے۔ جبکہ غزہ میں وزارت صحت نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ شراب نامی خاندان کے 12 شہداء کی نعشیں ان کے گھر کے ملبے کے نیچے سے ملی ہیں، جنہیں اسرائیلی فوج نے ہفتے قبل خان یونس کا مرکز میں السکہ کے علاقے میں بمباری کا نشانہ بنایا تھا۔اسرائیلی فوج مصر کی سرحد کے قریب جنوبی غزہ کی پٹی کے علاقہ خان یونس سے رفح میں اپنی فوجی کارروائیوں کو منتقل کرنے کی تیاری کر رہی ہے جبکہ مصرکے ساتھ اسرائیل کے ’’ فلاڈلفیا سرحدی محور‘‘ پر قبضہ کرنے کے منصوبے پر بحث بڑھ رہی ہے۔ادھر غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت نے جمعہ کو بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں مسلسل اسرائیلی چھاپوں کے نتیجے میں 105 فلسطینی جاں بحق ہوئے، جن میں اکثریت بچوں، خواتین اور بزرگوں کی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج نے خان یونس میں واقع الامل ہاسپٹل پر چھاپے اور دھاوا بولنا جاری رکھا ہوا ہے اور ناصر ہاسپٹل کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ اس کی فورسز نے طبی عملے، زخمیوں، بیماروں اور ہزاروں بے گھر افراد کو نشانہ بناتے ہوئے بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔
