خبردار ! جعلی پاسپورٹ خدمات سے

   


آن لائن درخواست سے قبل ویب سائیٹ کی جانچ ضروری
حیدرآباد :۔ اگر آپ پاسپورٹ کے لیے درخواست دے رہے ہیں تو آپ کو ہوسکتا ہے کہ دستاویزات کے ان ۔ پرسن ویریفیکیشن کے لیے اپوائنٹـمنٹ تاریخ کے لیے آن لائن فارم پر کرنا ہوگا ۔ اس کے بعد آپ کی پاسپورٹ درخواست پر کارروائی ہوگی ۔ اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ اس کے لیے سرکاری ویب سائیٹ passportindia.gov.in ہے ۔ تاہم کئی ایک جعلی ویب سائیٹس ہوگئے ہیں جو درخواست گذار کو آن لائن فارم پر کرنے میں مدد کرنے کا وعدہ کرتے ہیں اور آپ کے قریب میں پاسپورٹ سیوا کیندرا پر اپوائنٹـمنٹ اور دیگر خدمات کی فراہمی کی پیشکش کرتے ہیں اور ان غیر مجاز خدمات کے لیے فیس بھی وصول کرتے ہیں ۔ پاسپورٹ سروسیس سے متعلق نقلی ویب سائیٹ سے متعلق ایک الرٹ میں شہریوں کو ان فیک ویب سائیٹس کی خدمات حاصل کرنے کے خلاف انتباہ دیا جارہا ہے جو .in ، .org اور .com پر ختم ہوتے ہیں ۔ دراصل ان میں زیادہ تر ویب سائیٹس وزارت خارجہ امور کے اصل ویب سائیٹ کی طرح دکھائی دیتے ہیں ۔ سائبر کرائم پولیس اسٹیشن کو جھوٹی پاسپورٹ سروسیس کے استعمال سے دھوکہ کھانے والے اشخاص سے روزانہ کم از کم ایک شکایت وصول ہوتی ہے ۔ حالیہ شکایت کے مطابق جوبلی ہلز کے ساکن ایک شخص نے فرضی ویب سائیٹ کا استعمال کرتے ہوئے 2,999 روپئے کھو دیا ۔ لوگ ریجنل پاسپورٹ آفیسر کے باضابطہ ویب سائیٹ کی براؤسنگ کرنے کے بجائے انٹرنیٹ پر سرچنگ کررہے ہیں ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر کا ویب سائیٹ ، وزارت خارجہ امور کے تحت ، ایک سرور سے مربوط ہے جو مرکزی حکومت کے زیر کنٹرول ہے ۔ لوگ اس طرح کے جعلی ویب سائیٹس کا استعمال کر کے پوری معلومات اور رقم ادا کر کے دھوکہ کھا رہے ہیں کیوں کہ سلاٹ کی بکنگ کے وقت مسائل ہورہے ہیں جس پر وہ مدد کے لیے پولیس سے رجوع ہورہے ہیں اور ان میں زیادہ تر لوگ شکایت نہیں کررہے ہیں کیونکہ وہ جس رقم سے وہ محروم ہورہے ہیں وہ بہت زیادہ نہیں ہے ۔ رقم سے محرومی کے علاوہ لوگ سائبر مجرمین کو ان کی اہم معلومات بھی دے رہے ہیں ۔ پولیس نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ ویب سائیٹ کے صحیح ہونے کے بارے میں اچھی طرح معلوم کریں ۔۔