رچہ کونڈہ حدود میں لزوم ۔ حادثات میں جانی نقصان کم کرنے پہل
حیدرآباد 17 جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) سڑک حادثات میں جانی نقصانات کو کم کرنے رچہ کونڈ ہ پولیس نے دو پہئیہ گاڑیوں پر پیچھے بیٹھنے والوں کیلئے ہیلمٹ لازمی کردی ہے ۔اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 100 روپئے جرمانہ عائد کیا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ پائلٹ بنیادوں پر یہ عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ رچہ کونڈہ پولیس نے کہا کہ پیچھے بیٹھنے والوں کی بھی ہیلمٹ پہننے کیلئے حوصلہ افزائی کی خاطر یہ مہم شروع کی گئی ہے ۔ رچہ کونڈہ پولیس کے بموجب ہیلمٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے جملہ 260 موٹر سیکل رانوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ حال ہی میں سائبر آباد پولیس اور رچہ کونڈہ پولیس دونوں نے ٹریفک سیفٹی کے سلسلہ میں ایک اجلاس منعقد کیا تھا ۔ حکام کے بموجب یکم جنوری کے بعد سے 150 افراد جو دو پہئیہ گاڑیوں پر پیچھے بیٹھے ہوئے تھے حادثات میں فوت ہوئے ہیں۔ 114 اموات سائبر آباد حدود میں اور 36 اموات رچہ کونڈہ حدود میں ہوئی ہیں۔ اس کا سنجیدگی سے نوٹ لیتے ہوئے دونوں کمشنریٹس نے فیصلہ کیا کہ پیچھے بیٹھنے والوں کیلئے بھی ہیلمٹ کو لازمی کردیا جائے ۔ سائبر آباد پولیس نے ابھی تک اس رول پر عمل آوری نہیں کی ہے لیکن رچہ کونڈہ پولیس نے اس سلسلہ میں کئی مقامات پر مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ رچہ کونڈہ کے ٹریفک ڈی سی پی دویا چرن راو نے بتایا کہ جو 36 اموات رچہ کونڈہ حدود میں ہوئی ہیںان کے سر پر زخم آئے تھے ۔ اگر وہ ہیلمٹ پہنے ہوتے تو شائد ان کی زندگی بچ جاتی ۔ سائبر آباد میں پہلے اس تجربہ کے مشاہدہ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔