حیدرآباد۔ تلنگانہ گرما میں شدت آتی جا رہی ہے اور کئی مقامات پر درجہ حرارت 40 ڈگری سلسئیس کو پار کرچکا ہے ۔ حیدرآباد میں اتوار کو درجہ حرارت 39 ڈگری سے زائد ریکارڈ کیا گیا جبکہ ساری ریاست میں موسم گرم تر ہوتا جا رہا ہے ۔ عادل آباد ‘ منچریال اور کمارم بھیم آصف آباد اضلاع میں درجہ حرارت 42 ڈگری کے قریب ریکارڈ کیا گیا جبکہ پیدا پلی ‘ جگتیال اور نظام آباد میں درجہ حرارت 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ موسم گرما کی صرف شروعات ہے اور اپریل اور مئی میں ریاست میں گرمی کی لہر کے ساتھ موسم مزید سخت ہوسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات عہدیداروں کے بموجب اوائل مارچ میں 35 تا 37 ڈگری رہنے والا درجہ حرارت آئندہ چند دنوں میں حیدرآباد میں 40 ڈگری کو پار کر جائیگا ۔ اتوار کو حمایت نگر میں درجہ حرارت 39.4 ڈگری ‘ آصف نگر میں 39.3 ڈگری اور اپل میں 39.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ریاست میں راتیں بھی گرم ہوتی جا رہی ہیں کیونکہ گذشتہ ہفتے ہی اقل ترین درجہ حرارت 24 ڈگری سلسئیس کو پار کرچکا تھا ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے کہا کہ گذشتہ سال مارچ میں شہر میں اعظم ترین درجہ حرارت 37.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ جاریہ سال مارچ میں یہ 39 ڈگری کو پارکرچکا ہے ۔ چونکہ اپریل سے گرمی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ایسے میں درجہ حرارت 44 ڈگری سلسئیس تک جاسکتا ہے یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ عادل آباد ‘ منچریال اور آصف آباد کے علاوہ کریمنگر ‘ کھھم اور نلگنڈہ میں موسم گرما کے عروج کے دنوں میں گرمی کی لہر بھی آسکتی ہے ۔