ختم سال تک آر ٹی سی میں 235 الکٹرک بسوں کے اضافہ کا فیصلہ

   

ڈیزل کے مقابل الکٹرک بسوں کے اخراجات میں نمایاں کمی
حیدرآباد۔26۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے جاریہ سال کے اواخر تک کارپوریش میں 235 نئی الکٹر ک بسوں کا اضافہ کرنے کافیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ الکٹرک بسوں اور ڈیزل کی بسوں کے درمیان نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کا نمایاں فرق ہے بلکہ الکٹرک بس کے فی کیلو میٹر اخراجات میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ٹی جی ایس آرٹی سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ الکٹرک بس پر فی کیلو میٹر 8 روپئے کے اخراجات آرہے ہیں جبکہ ڈیزل بس پر آنے والے اخراجات 20 روپئے فی کیلو میٹر تک پہنچ چکے ہیں اسی لئے تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذمہ داروں نے فیصلہ کیا ہے کہ الکٹرک بسوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ کرتے ہوئے کارپوریشن پر عائد ہونے والے خرچ میں کمی کے علاوہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کے اقدامات کئے جائیں۔بتایاجاتا ہے کہ فی الحال مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 265 الکٹر بسیں چلائی جارہی ہیں جن میں 80 فیصد مسافرین کی تعداد سفر کرنے لگی ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق آرٹی سی کی جانب سے حیدرآباد ریجن میں چلائی جانے والی الکٹرک بسوں کے سلسلہ میں تیار کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الکٹرک بسیں ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے علاوہ کارپوریشن کے اخراجات میں کمی کا باعث بننے لگی ہیں ۔ٹی جی ایس آرٹی سی نے الکٹرک بسوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بس ڈپوز میں الکٹرک چارجنگ کی سہولتوں اور دیگر درکار انفراسٹرکچر کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جلد ہی شہر کے کئی بس ڈپو میں الکٹرک بس چارجنگ اسٹیشنوں کے قیام کے ذریعہ الکٹرک بسوں کے لئے سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔عہدیداروں کے مطابق فی الحال حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی ‘ میاں پور‘ سکندرآباد کنٹونمنٹ بس ڈپوز میں الکٹرک بسوں کو چارج کرنے کی سہولت دستیاب ہے اور آرٹی سی نے آئندہ چند ماہ کے دوران 9 کروڑ کی لاگت سے رانی گنج ڈپو اور حیات نگر ڈپو میں چارجنگ کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ذرائع کے مطابق حیات نگر ڈپو میں فی الحال 55 الکٹرک بسیں موجود ہیں جبکہ آرٹی سی انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے دوران آئندہ چند ماہ میں حیات نگر ڈپو کی بسوں کو دوگنا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ رانی گنج ڈپو میں الکٹرک بس چارجنگ کی سہولت فراہم کئے جانے کے بعد رانی گنج ڈپو کی الکٹرک بسوں کی تعداد کو 100 تک پہنچانے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا اور بہتر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہر میں آلودگی کو کم کیا جاسکے۔3