مدرسہ فیض العلوم حسینیہ میں ختنہ کیمپ ، مولانا عبدالعلیم کوثر کا خطاب
مکتھل ۔ 13 مئی ۔ (ذریعہ میل ) مولانا محمد عبد العلیم کوثر کے بموجب مدرسہ فیض العلوم حسینیہ مکتھل میں گزشتہ بائیس سال سے فری ختنہ کا کیمپ لگایا جاتا ہے جس میں اطراف و اکناف کے ہر سال اوسطاً دیڑھ سو نو نہالوں کی ختنہ کی جاتی ہے۔ اس سال بھی بائیسواں فری کیمپ لگایا گیا جس میں 135 بچوں کی ختنہ کی گئی۔ مولانا کوثر ناظم مدرسہ نے اس موقعہ پر لوگوں کے ذہن کی عکاسی کرتے ہوئے بتایا کہ کم علمی کی وجہ سے دیہاتوں میں بچوں کی عمریں لڑکپن سے متجاوز ہونے کے باوجود سنت ابراہیمی پہ عمل نہیں کر پا رہے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ ختنہ کے عمل میں خاندانی ، سماجی خرافات اور بے جا رسم و رواج بھی ہیں۔ جب تک بکروں کی دعوت نہ ہو اس وقت تک مسنون ختنہ کی تکمیل نہیں مانی جاتی۔ کچھ ایسی بندشیں ہیں جس کی وجہ سے لوگ ختنہ جیسے شعائر اسلام پر عمل پیرا ہونے تک بڑے مقروض ہو رہے ہیں۔ اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے آج سے بائیس سال پہلے اپنے والد محترم الحاج ڈاکٹر شیخ چاند صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی سر پرستی میں اس نیک کام کی ابتدا اپنے برادر خورد ڈاکٹر کلیم ظفر کے ساتھ مل کر کی۔اس موقعہ پہ میں اُن تمام ڈاکٹر کا بطور خاص ڈاکٹر افضل ، ڈاکٹر کریم ، ڈاکٹر یونس ، ڈاکٹر تنویر ، ڈاکٹر شاکر ، ڈاکٹر عبدالمقیت ، ڈاکٹر جلال اور ڈاکٹر نوید کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنی گو نہ گوں مصروفیات کے باوجود روز ابتداء سے ہی اپنی فری خدمات شہر حیدرآباد سے آکر اس دور افتادہ مقام پر دے رہے ہیں۔