خدا ترس و غیور حیدرآبادیوں کو ہمارا سلام

   


شہید اشرف علی کیلئے اندرون ہفتہ 9 لاکھ کی امداد اکاونٹ میں جمع
فیصل شہید کے خاندان کو 38 لاکھ روپئے کی مدد

حیدرآباد :۔ ہر کوئی اپنے پریشان حال بھائیوں کی مدد نہیں کرتا ۔ ہر کسی کے ذہن و قلب میں پریشان حال اور ظلم و جبر کا شکار ملت کے تئیں فکر نہیں پائی جاتی ، ہر کسی کو کمزوروں ، مظلوموں حالات کے ستائے ہوئے اور فرقہ پرستوں کے ہاتھوں تباہ و برباد ہوئے لوگوں کی مدد کا موقع نہیں ملتا ، ہر کوئی فرقہ پرست درندوں کے ہاتھوں جانی و مالی نقصانات سے دوچار لوگوں کی مدد کے لیے آگے نہیں بڑھتا ۔ لیکن اللہ جس کو اس طرح کی توفیق عطا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ کسی کو مظلوموں ، کمزوروں پریشان حال لوگوں کی مدد کے قابل بناتے ہیں تو یہ ان کی بہت بڑی خوش نصیبی ہے ۔ جس کے لیے بارگاہ رب العزت میں جتنا بھی شکر ادا کیا جائے وہ کم ہے ۔ اس معاملہ میں حیدرآبادی اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے حیدرآبادی باشندہ بہت خوش نصیب ہیں وہ ہندوستان بھر کے کسی بھی پریشان حال اور ظلم و جبر کے شکار اپنے بھائی کی مدد کے لیے دوڑ پرتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں روزنامہ سیاست ، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں دنیا کے کونے کونے میں پائے جانے والے قارئین سیاست ، سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان بھی بڑے قسمت والے ہیں کیوں کہ ان تمام کو مظلوم انسانوں کی بار بار مدد کرنے کی سعادت نصیب ہوتی رہتی ہے ۔ چنانچہ پچھلے ہفتہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے کانپور میں فرقہ پرستوں کے ہاتھوں شہید ہوئے 34 سالہ نوجوان اشرف علی کے 28 سالہ بیوہ شبینہ بیگم اور ان کی تین بیٹیوں شاذیہ ، ثانیہ اور سدرہ کی مدد کرنے کی اپیل کی تھی اور شبینہ بیگم کا اکاونٹ نمبر بھی دیا تھا تاکہ اہل خیر حضرات راست طور پر ان کے بینک اکاونٹ میں رقم جمع کروائیں ۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ صرف ایک ہفتہ میں اشرف علی کی غریب بیوہ اور تین چھوٹی چھوٹی بچیوں کے لیے 9 لاکھ روپئے سے زائد رقم ان کے اکاونٹ میں جمع کروائی گئی ۔ واضح رہے کہ اشرف علی کو جو کانپور میں بیاٹری میکانکس کے طور پر کام کررہے تھے تین اشرار نے معمولی مسئلہ کا بہانہ بناکر لڑائی کی اور پھر اپنی گاڑی ان پر چڑھا دی اس طرح ان لوگوں نے اشرف علی کو جان بوجھ کر اپنی گاڑی سے کچل دیا ۔ دوسری طرف ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے اترپردیش کے ہی ایک غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے شہید نوجوان فیصل کے ضعیف والدین کے لیے امداد کی اپیل کی تھی ۔ اللہ کے فضل و کرم سے اس خاندان کے اکاونٹ میں بھی شہریان حیدرآباد ، قارئین سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان نے چند دنوں میں ہی 38 لاکھ روپئے جمع کروائے ۔ اس غیر معمولی جذبہ کے لیے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، سیاست ملت فنڈ نے ہمدردان ملت کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ ہم ایسے پاکیزہ جذبہ رکھنے والے غیور حیدرآبادیوں کو سلام کرتے ہیں ۔۔