خدمات بحال کرنے آر ٹی سی ملازمین سے اپیل

   

بھینسہ۔/3 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ ڈی ایس پی دفتر میں ایڈیشنل ایس پی بی راجیش نے پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( آر ٹی سی ) ملازمین کی جانب سے ہڑتال کو ترک کرتے ہوئے اپنی خدمات کو بحال کرنے والے ملازمین بے خوف اور نڈر ہوکر ملازمت کا دوبارہ آغاز کریں کیونکہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آر ٹی سی کے ہڑتالی ملازمین کو دوبارہ خدمات بحال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایڈیشنل ایس پی بی راجیش نے کہا کہ پولیس آر ٹی سی بس ڈپو پر شدت سے طلایہ گردی اور بس اسٹانڈ پر بھاری پولیس جمعیت متعین کرتے ہوئے آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین دوبارہ سرویس میں شامل ہونے پر مکمل تحفظ کرے گی اور کسی بھی ہڑتالی ملازمین کو دوبارہ خدمات میں شامل ہونے پر کسی بھی یونین ، ذمہ دار اور تنظیم کے علاوہ ملازمین کی جانب سے ہراساں کرنے اور ڈرانے دھمکانے پر خوف نہ کھائے بلکہ پولیس کو اطلاع دیں اور اپنی خدمات کا دوبارہ آغاز کریں۔ پولیس کی جانب سے ڈرانیے دھمکانے والے یونین ذمہ داران اور تنظیموں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرتے ہوئے کریمنل ( فوجداری ) مقدمات درج کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کا تحفظ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ٹاؤن سرکل انسپکٹر وینو گوپال راو موجود تھے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کو 5 نومبر تک خدمات پر دوبارہ شامل ہونے کا مشورہ دیا، جس پر پولیس تحفظ اور حفاظتی اقدامات کیلئے متحرک ہے۔