خدمت انسانیت خانوادہ بندہ نوازؒ کا طرہ امتیاز

   

کے بی این اسپتال کے آپریشن وارڈ کا افتتاح ،سجادہ نشین حضرت سید محمد علی الحسینی کا خطاب
گلبرگہ12/ دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خواجہ بندہ نواز ٹیچنگ اینڈ جنرل اسپتال گلبرگہ کے تاج میں اب ایک اور ہیرے کا اس وقت اضافہ ہوا جب اس میں نیا ماڈیولر آپریشن تھیٹر اور پوسٹ آپریٹیو وارڈس کا افتتاح کے بی این ٹینچنگ اینڈ جنرل اسپتال کے فرسٹ فلور پر حضرت 11دسمبر 2024 بروز چہارشنبہ حضرت سید محمد علی الحسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے دست مبارک سے عمل میں لایا گیا اس موقع پر حضرت سید محمد علی الحسینی ؒ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کہ آج کی تقریب میں ہم جو جمع ہوئے ہیں اس کا اہم سبب آج کا نیا آپریشن تھیٹر اور بعد از آپریشن وارڈ کی افتتاحی تقریب ہے جس کا اصل میں افتتاح بانی چانسلر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی کے دست مبارک سے ہونا تھا۔یہ ان کا خواب تھا کہ وہ اس اسپتال کو معیاری تعلیم اور معیاری طبی خدمات فراہم کریں گے۔خواجہ بندہ نواز ٹیچنگ اینڈ جنرل اسپتال کا قیام میرے داد ا جان پدم شری حضرت سید شاہ محمد محمد الحسینی ؒ نور اللہ مرقدہ نے ایک مقصد کے تحت قائم کیا تھا۔ چنانچہ خواجہ بندہ نواز اسپتال گلبرگہ میں تمام تر عصری سہولتوں اور جدید ترین مشنریوں کی فراہمی کا اصل مقصد غریبوں اور ضرورت مندوں کو مناسب اور واجبی خرچ پر قیمتی علاج فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر سجادہ نشین نے اسپتال کے ڈاکٹرس،سرجنس اور نرس و دیگر اسٹاف کو راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خواجہ بندہ نواز ٹیچنگ اینڈ جنرل اسپتال کے جدید ترین عصری سہولتوں کا صحیح استعمال کریں اور ساتھ ہی کوشش کریں کہ اس کے ثمرات زیادہ سے زیادہ غریبوں تک پہنچیں تاکہ پدم شری حضرت سید شاہ محمد محمد الحسینی صاحب علیہ الرحمہ اور کرناٹک راجیہ اتسو ایوارڈ یافتہ حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔اس کام کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جانا چاہیے اور ہمیں اپنے کام کو عبادت سمجھ کر کرنا ہوگا۔حضرت قبلہ نے اسٹاف سے اپیل کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اپنے فرائض کو پوری ایمانداری اور تندہی سے ادا کریں۔ حضرت سید محمد علی الحسینی نے کہا کہ جیسا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ طبی خدمات اب ایک کاروبار بن چکے ہیں اور میڈیکل جیسا ایک نوبل پیشہ ہے اور اب یہ کمرشیل بن چکا ہے مگر میں چاہتا ہوں کہ ہمارے ڈاکٹر س اور اس یونیورسٹی کے فیکلٹیز کو چاہیے کہ وہ اس ادارے کے اصل مقصد اور اپنے حلف کو نہ بھولیں۔آج ہمارا ادارہ ایجوکیشنل ہب بن چکا ہے اور یہ ایک سائکل کی طرح ہے اور آپ اس کو آگے بڑھائیں اور فروغ دیں۔جلسہ سے قبل ازیں پروفیسر علی رضا موسوی وائس چانسلر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی نے بھی خطاب کیا۔حضرت ڈاکٹر سید مصطفی الحسینی صاحب ڈائریکٹر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی و پروفیسر علی رضا موسوی مہمانان خصوصی تھے۔ڈین فیکلٹی آف میڈیکل سائنسز ، خواجہ بندہ نوا ز یوینورسٹی ڈاکٹر سدیش سروار،خواجہ بندہ نواز ٹیچنگ اینڈ جنرل اسپتال گلبرگہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سدلنگ چینگٹی کے علاوہ مختلف شعبوں کے سربراہ اور ڈاکٹرس و طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔