الفیضان ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی ورنگل کا اجلاس، جناب شاہدمسعود ، جناب محمد عبدالنعیم اور دیگر کا خطاب
ورنگل۔ زندہ قوم میں خدمت خلق، تعلیم، اخلاق حمیدہ اور اوصاف حسنہ ، ایمانداری کا وصف نمایاں ہوتا ہے، تعلیم سے ہی تبدیلی ممکن ہے۔ ان حقائق کا اظہار جناب محمد افضل NIIT کے زیر صدارت محبوبیہ پنجتن جونیر کالج ورنگل میں الفیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے جائزہ اجلاس کو جناب شاہد مسعود ریجنل ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریٹر ورنگل رینج نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے الفیضان ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی کی ہمہ جہتی خدمات کی ستائش کی۔ جناب محمد افضل این آئی آئی ٹی ، ایم اے علیم قریشی، جناب محمد سلطان، جناب محمد اطہر علی، جناب ایم اے علیم این آر آئی اور انجینئر جیلانی نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں مسابقتی جذبہ، امداد باہمی، اخوت، نسل نو کی مثالی رہنمائی اور مثالی انسان اور بہتر معاشرہ کی تشکیل پر روشنی ڈالی۔ جناب محمد عبدالنعیم جوائنٹ سکریٹری الفیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی نے سوسائٹی کے 10 سالہ فلاحی، تعلیمی، رفاہی اور مختلف جہتوں پر کارکردگی کی تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کی جانب سے اب تک 16 ہزار طلباء و طالبات میں نوٹ بکس و کٹس تقسیم کئے گئے۔ ضرورت مند و ذہین طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے 50 ہزار نقد رقم، 7 گولڈ میڈلس، نمایاں تعلیمی مظاہروں پر فری میڈیکل کیمپس، رمضان میں مستحق لوگوں میں راشن کی تقسیم، فروغ اردو کیلئے کُل ہند مشاعروں کا انعقاد، شادیوں میں امداد اور کوویڈ 19 میں گذشتہ سال جلیل چیریٹبل ٹرسٹ چار باؤلی ورنگل و واحد فاؤنڈیشن امریکہ و دیگر اہل خیر حضرات کے تعاون سے 1060 مستحق غریب خاندانوں میں راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ سوسائٹی کے مستقبل کے عزائم یہ ہیں کہ مسلم طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا، مسلم میتوں کے گھر سے قبرستان تک لے جانے کیلئے ایک گاڑی خریدنے کا طئے پایا ہے۔ اس پُرمسرت موقع پر جناب شاہد مسعود کی 10 سالہ الفیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کی شاندار خدمات پر سوسائٹی کے ذمہ داروں کی جانب سے مہمان خصوصی جناب شاہد مسعود کی شال پوشی و گلپوشی کی گئی اور ان کے ہاتھوں سے سوسائٹی کی ڈائری کا رسم اجراء ہوا۔ اس موقع پر اجلاس میں ایم اے علیم قریشی مالک کیسوکیف منڈی بازار، محمد سلطان موظف بی ایس این ایل، محمد اطہرعلی، محمد جیلانی، محمد چاند پاشاہ، محمد احمد، ایم اے علیم این آر آئی، محمد رفیق ٹی ڈی پی، محمد قادر، خواجہ عظیم الدین، محمد مصلح الدین نواز نائب صدر، خلیق الزماں حسیب، ایم اے بیگ، محمد قدیر علی، محمد اقبال علی کوثر، محمد ریاض عزیزیہ گرافک منڈی بازار کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اجلاس کی کارروائی و اظہار تشکر جناب محمد شرف الدین محمودی نے کیا۔