ورنگل میں مستحقین میں بلانکٹس کی تقسیم، ڈاکٹر سید عمر فاروق اور دیگر کا خطاب
ورنگل۔ ڈاکٹر سید عمر فاروق ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند ورنگل نے کہاکہ تمام مخلوق اللہ تعالی کا کنبہ ہے اور ان تمام میں سب سے اچھا انسان وہ ہے جو اللہ کے کنبہ کے ساتھ اچھا اور بہتر سلوک کرتا ہو۔حضور اقدس ؐنے فرمایا لوگوں میں سب سے اچھا اور سب سے بہتر وہ ہے جو لوگوں کو نفع پہنچائے ۔حضرت سیدنا ابو بکر صدیق ؓ کا قول ہے کہ جس طرح مال کی زکوۃ صاحب نصاب پر واجب ہے اسی طرح جسم کی بھی زکوۃ ہے اور جسم کی زکوۃ خدمت خلق ہے ۔انہوںنے کہاکہ خدمت خلق ایک بہترین عبادت ہے ۔ڈاکٹر سید عمر فاروق کی نگرانی میں نرسم پیٹھ علاقہ میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران شیخ جاوید ،محمد سراج اور دیگر کی موجودگی میں مستحق غریب و نادار افراد میںمقامی بلانکٹس تقسیم پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ڈاکٹر سید عمر فاروق نے بہ حیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دین اسلام میں خدمت خلق کی بڑی اہمیت اور فضیلت ہے ہم لوگوں میںخدمت خلق کے جذبہ کو پیدا کریں ۔خدمت خلق اللہ رب العالمین کو راضی کرنے والا عمل ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں بلا لحاظ مذہب و ملت انسانیت کی فلاح و بہبودی کے لئے ہر حال میں کام کرنا چاہیے ۔اس موقع پر ڈاکٹر عمر مختار معاون ضلع جماعت اسلامی ورنگل و توسیع سکریٹری نے کہا کہ جب تک اللہ کی مخلوق سے محبت نہ ہوتو اللہ سے محبت کا دعوی سچا نہیں ہوسکتا ۔جومسلمان اپنے ضرورت مند بھائی کی مدد کریگا اللہ تعالی اس کی ضرورت کو پورا کریگا ۔اس موقع پر دیگر مقامی افراد بھی موجود تھے ۔