خدمت گزار بیوی کیلئے اردنی خاوند کی ’عیدی‘ سوشل میڈیا پر وائرل

   

عمان : اردنی خاوند نے رمضان بھر شاندار پکوان اور مختلف سہولیات کی فراہمی سے خوش ہوکر بیوی کو عید پر قیمتی تحفہ دے کر خوش کردیا۔الامارات الیوم کے مطابق اردنی نوجوان نے 30 ہزار دینار مالیت کی عیدی بیوی کو تحفے کے طور پر دی۔ اس نے 1500 دینار نقد، سونے کے 30 سکے اور بیوی کے رشتہ داروں کو عمان کے اعلی درجے کے ہوٹل میں رہائش کا پیکیج پیش کیا۔سرایا نیوز کے مطابق ایک شوروم کے مالک نے فیس بک پر اس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نے رمضان المبارک کے دوران اپنی بیوی کی بے لوث خدمت سے متاثر ہوکر اسے عید کا شاندار تحفہ دیا۔صارفین نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شوہر نے حق نمک ادا کردیا۔مغرب عربی کے ملکوں میں ایک روایت ہے جسے ’حق الملح‘ (نمک کا حق)کہا جاتا ہے۔ یہ رواج شام اور مشرق عربی کے ملکوں میں نہیں ہے اس رواج کے مطابق شوہر عید الفطر کے موقع پر اپنی بیوی کو نقدی یا سونے کے زیور کی صورت میں قیمتی تحفہ پیش کرتا ہے یہ ایک طرح سے رمضان بھر افطار اور سحر میں تھکنے پر بیوی کی کاوشوں کا عملی اعتراف ہوتا ہے۔