حیدرآباد۔ یکم ڈسمبر (یو این آئی) سڑکوں کی خراب حالت پر تلنگانہ حکومت کی توجہ مرکوز کرنے اور اس سے مسافرین کو ہونے والے خطرات سے واقف کروانے کے لئے ایک جہد کار نے گڑھوں پر پودے لگانے اور گاڑی چلانے کی مہارت کی ستائش کرتے ہوئے گاڑی سواروں میں بیداری کے سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ہیں۔یہ انوکھا قدم حیدرآباد کے پرگتی نگر علاقہ میں اٹھایاگیا ہے ۔جہد کار پرشانت نے اس خصوص میں کہا کہ 30نومبر کو پرگتی نگر کی خراب سڑکوں اور گڑھوں میں پودے لگائے گئے ۔ہم نے ان خراب سڑکوں پر گاڑی چلانے کی مہارت کی ستائش کرتے ہوئے عوام میں بیداری کے سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ کئی سڑکیں خراب ہوگئی ہیں تاہم عہدیدار اس مسئلہ پر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ لاپرواہ ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے اس انوکھے قدم سے صورتحال میں تبدیلی ہوگی۔