موٹر سیکل سے گرکر زخمی ہونے والے شہری سید عظمت حسین کی شکایت
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) دبیر پورہ پولیس نے شہر کے سڑکوں کی ابتر حالت پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے خلاف لاپرواہی کا کیس درج کیا ہے ۔ سڑکوں پر جگہ جگہ کھڈ ہونے سے موٹر سیکل رانوں اور دیگر سواریوں کو حادثہ کا شکار ہونا پڑ رہا ہے ۔ ایک صحافی بھی اسی طرح کے حادثہ کا شکار ہوئے ہیں، ان کے پیر میں فریکچر آگیا ۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ 7 اکتوبر کو دبیر پورہ پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی شکایت میں سید عظمت حسین جعفری نے کہا کہ ان کے ساتھ یہ حادثہ 6 ستمبر کو نور خاں بازار سے بالسٹی کھیت جانے کے دوران موٹر سیکل کھڈ میں پھنس گئی اور وہ گرپڑے، ان کے سیدھے پیر کے ٹخنہ میں فریکچر آگیا ہے۔ انہوں نے اس لاپرواہی کے لئے جی ایچ ا یم سی کو ذمہ دار ٹھہرایا اور جی ایچ ایم سی کے متعلقہ عہدیداروں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی پولیس سے درخواست کی ۔