حیدرآباد۔ 13اگست (یواین آئی) حیدرآباد کے چندانگر میں گزشتہ روز خزانہ جویلرس میں فلمی اندازمیں ڈکیتی کی واردات کے سلسلہ میں پولیس نے چھ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ملزمین دو موٹر بائیکس پر سوار تھے اور انہوں نے پہلے یہ دونوں بائیکس چوری کی تھیں۔ پولیس نے تین ڈاکوؤں کو پٹن چرو سرویس روڈ پر گرفتار کیا جبکہ باقی تین کو سنگاریڈی کے قریب گرفتار کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ملزمین مسروقہ مال کے ساتھ فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔ ڈاکوؤں نے اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپا ہوا تھا، سر پر ٹوپی پہنی ہوئی تھی اور ہاتھوں میں دستانے بھی تھے تاکہ پہچانے نہ جائیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے مسروقہ جواہرات ضبط کر لیے ہیں۔ گرفتار ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کاروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ پولیس مزید جانچ کر رہی ہے تاکہ ان کے ممکنہ دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جا سکے ۔