خزانہ کی تلاش میں مندر میں کھدوائی چنچو قبائلیوں نے روک دیا

   

حیدرآباد۔ 12فروری (یو این آئی) تلنگانہ کے ناگر کرنول ضلع کی ایک مندر میں کھدوائی کرتے ہوئے خزانہ کی تلاش کرنے کی کوشش کرنے والے تین افراد کو چنچو قبائلیوں نے روک دیا۔ امرآباد ٹائیگر ریزرو کے گھنے جنگلات میں یہ تین افراد داخل ہوئے جہاں انہوں نے مندر میں مورتی کے نیچے کے حصہ کی کھدوائی کی اور بعد ازاں سمنٹ لگاتے ہوئے کھودی گئی زمین کو پرانی حالت میں کرنے کی کوشش کی تاہم چنچو قبیلہ کے بعض ارکان نے محکمہ جنگلات کے عہدہ داروں کو اس کی شکایت کی۔ ان افراد نے قبائلیوں کو بتایا کہ مندر میں کام کے لئے ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر اور فاریسٹ رینج آفیسر نے انہیں طلب کیا ہے تاہم انہوں نے جنگل میں داخل ہونے کی اجازت دینے والے عہدیداروں کے نام نہیں بتائے ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے انہیں جنگل سے باہر کردیا۔ چند ماہ قبل بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب بعض افراد جنگلاتی علاقہ میں مشتبہ انداز میں گھوم رہے تھے ۔ جب مقامی افراد نے انہیں پکڑا تو ان افراد نے بتایا تھا کہ مقامی رکن اسمبلی نے انہیں بھیجا ہے ۔ ان کے پاس سے میٹل ڈیٹکٹرس اور خزانہ کی تلاش کے دیگر آلات برآمد کئے گئے تھے ۔