کمشنر جی ایچ ایم سی امراپالی کا جائزہ اجلاس ، زونل کمشنرس کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : کمشنر جی ایچ ایم سی امراپالی نے گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں ناکارہ سڑکوں کی فوری مرمت کرانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ امراپالی نے آج زونل کمشنرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا اور عوامی مسائل کا جائزہ لیا ۔ امراپالی نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کو کھود کر ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے اور ساتھ ہی بارش سے کئی علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالت ہوگئی ہے جو عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے ۔ ان ناکارہ اور خستہ حال سڑکوں کی فوری مرمت کرانے کی ہدایت دی اور کہا کہ جن علاقوں کے سڑکوں کی نگرانی خانگی ایجنسیوں کے حوالے کی گئی ہے ۔ ان علاقوں میں ایجنسیوں کے ذریعہ مرمتی کام کرائے اور جن سڑکوں کی نگرانی جی ایچ ایم سی کی ذمہ داری ہے ۔ ان سڑکوں کی مرمت جی ایچ ایم سی سے کرائے اور عوام کو پیش آنے والے مسائل کو جنگی خطوط پر حل کرتے ہوئے انہیں راحت فراہم کریں ۔ شہر کی صاف صفائی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی زونل کمشنرس کو ہدایت دی ۔ ساتھ ہی صفائی کرمچاریوں کی روزانہ حاضری لینے پر زور دیا ۔ تالابوں اور نالوں کی حفاظت اور نگہداشت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز قبضوں کو ہرگز برداشت نہ کریں اور تالابوں و نالوں کے پاس کچرے کی صفائی کرنے پر زور دیا ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ وبائی امراض پھوٹ پڑتے ہیں اس کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے بالخصوص ڈینگو کیسیس کی نشاندہی اور اس کے علاج پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا ۔۔ 2