جی ایچ ایم سی خواب غفلت میں ، انسداد حادثات کا دعویٰ کھوکھلا ثابت
حیدرآباد۔5فروری(سیاست نیوز) حکومت اور محکمہ پولیس کی جانب سے سڑک حادثات کو کم کرنے کے سلسلہ میں اقدامات پر غور کرتے ہوئے کئی اہم فیصلے کئے جاتے ہیں لیکن شہر حیدرآباد میں سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے پر توجہ نہ دیئے جانے کے سبب سڑک حادثات میں اضافہ ہوتا جار ہاہے مگر اس کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں جو کہ شہریوں کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے۔دو نوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کی کئی اہم اور مصروف سڑکوں پر پائے جانے والے گڑھوں کے سبب نہ صرف حادثات پیش آرہے ہیں بلکہ ٹریفک کے مسائل بھی تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں۔شہر حیدرآباد کے کئی علاقو ںمیں عوام کی جانب سے متعدد مرتبہ سڑکو ںکو بہتر بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی سے نمائندگی کی جاچکی ہے اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو بھی اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ شہر حیدرآباد کی کئی اہم سڑکوں پر گڑھوں کے سبب نہ صرف ٹریفک مسائل پیدا ہورہے ہیں بلکہ سڑک حادثات کی بھی وجہ سڑکوں پر موجود گڑھے بن رہے ہیں لیکن ان گڑھوں کو بند کرنے کے سلسلہ میں کئی ایک اعلانات کئے جا رہے ہیں مگر عملی طور پر ان مرمتی کامو ںکا جائزہ لیا جائے تو اس سلسلہ میں حالیہ عرصہ کے دوران کو ئی اہم پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ گذشتہ تین ماہ کے دوران جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیداروں نے سڑکوں کے مرمتی کاموں کو موسم باراں کے سبب ملتوی رکھا تھا لیکن اب جبکہ موسم سرما بھی اختتام پذیر ہے اور موسم گرما کی آمد ہے تو سڑکوں کی مرمت کے کاموں کو بخوبی انجام دیا جاسکتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی جی ایچ ایم سی کی جانب سے اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کی جارہی ہے جس کی بنیادی وجہ کے سلسلہ میں عہدیداروں اور کنٹراکٹرس کا کہناہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے پاس معمولی کاموں کے لئے بھی فی الحال بجٹ موجود نہیں ہے اسی لئے ان کاموں کو منظوری نہیں دی جا رہی ہے ۔شہر حیدرآباد میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور ٹریفک جام سے محفوظ رہنے کے علاوہ شہر کی سڑکو ںکو حادثات سے پاک بنانے کیلئے لازمی ہے کہ شہر حیدرآباد کی سڑکوں کو بہتر بناتے ہوئے سڑکوں پر موجود کڑھوں کو فوری طور پر بند کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت حاصل ہو۔