خستہ حال کوہیر سڑک کی ایس آئی نریش نے مرمت کروائی

   

عوامی مشکلات کے حل کیلئے پولیس آفیسر کی خدمات کی ستائش

کوہیر ۔25نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عام طور پر پولیس کا نام سنتے ہی لوگوں کے دلوں میں ایک طرح کا خوف پیدا ہو جاتا ہے ان کی گالی گلوچ یا پھر لاٹھی دماغ میں چھا جاتی ہے لیکن جب ایک پولیس عہدیدار عوام کو راحت اور سکون پہنچانے کی غرض سے کوئی عملی قدم اُٹھائے تب اس آفیسر اور محکمہ پولیس کی ستائش بھی کی جا رہی ہے ۔ اس طرح کا ایک اقدام کوہیر انسپکٹر پولیس ٹی نریش کی جانب سے کوہیر تا قومی شاہرا نمبر 65 تک جانے والی اہم سڑک گزشتہ تقریبا دو سال سے پوری طرح خستہ حال میں آگئی ہے جس کی تعمیر و مرمت کے لیے سب انسپکٹر نے خود آگے آتے ہوئے جے سی بی مشین سے گڑھوں کی پیوند کاری کروائی۔عوامی مسائل چاہے چھوٹے ہوں یا بڑے ان کے فوری حل کے لئے ہمیشہ مستعد رہنے والے کوہیر سب انسپکٹر (ایس آئی) ٹی نریش نے ایک بار پھر انسان دوستی اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی ہے مین روڈ پر گہرے گڑھوں کے باعث موٹرسائیکل سواروں اور روزمرہ مسافروں کو درپیش شدید مشکلات اور حادثات کے خدشات کے پیش نظر، ایس آئی نریش نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے خود JCB مشین کے ذریعے سڑک کی پیوند کاری کا کام شروع کروا دیا، جس سے عوام نے سکون کی سانس لی ۔ ضلع سنگاریڈی کے کوہیر سے کوہیر چوراستہ تک جانے والی مرکزی سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر گہرے گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ اس راستے پر روزانہ سفر کرنے والے طلباء ، ملازمین، تاجروں کے علاوہ مواضعات کے ہزاروں لوگوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ خاص طور پر دو پہیہ گاڑیوں (موٹرسائیکل) کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ انہوں نے خود موقع پر کھڑے ہو کر سڑک کے خراب حصوں کی نشاندہی کی اور جے سی بی مشین کی مدد سے ریڈمیکس کے مکسچر سے تمام گڑھوں کو پُر کروایا ۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مسافروں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنا اور ممکنہ سڑک حادثات کی روک تھام کرنا ہے ۔ اس موقع پر عوام نے ایس آئی سے اظہارِ تشکر کیا اور بتایا کہ اگرچہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے، لیکن ایک پولیس افسر کی جانب سے عوامی تحفظ کے لیے کیے گئے اس غیر معمولی اقدام کو پورے کوہیر حلقے میں زبردست سراہا جا رہا ہے۔ مقامی شہریوں اور گاڑی والوں نے ایس آئی نریش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ عمل دیگر سرکاری حکام کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔