خسر کی کامیابی کیلئے دوبہوؤں کی انتخابی مہم

   

کھمم میں کانگریس امیدواررگھو رام ریڈی کو خاندان سے تائید
حیدرآباد۔/7 مئی، ( سیاست نیوز) انتخابات میں کامیابی کیلئے سیاسی قائدین کی مہم تو ہرکسی نے دیکھا ہے لیکن کھمم لوک سبھا حلقہ میں ایک گھر کی دو بہوئیں اپنے خسر کی کامیابی کیلئے میدان میں آچکی ہیں۔ تلگوفلم اسٹار وینکٹیش کی دختر آشریتا اور ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی کی دختر سوپنی نے اپنے خسر اور کانگریس امیدوار رگھورام ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے روڈ شو کا اہتمام کیا۔ کھمم لوک سبھا حلقہ کی نشست کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی اور ٹی ناگیشور راؤ نے اپنے قریبی رشتہ داروں کے نام پیش کئے تھے لیکن کانگریس ہائی کمان نے تینوں ناموں کے بجائے رگھو رام ریڈی کو امیدوار بنایا۔ رگھو رام ریڈی کما طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں جن کی کھمم میں قابل لحاظ آبادی ہے۔ تلگو فلم اسٹار وینکٹیش کی دختر آشریتا اور ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی کی دختر سوپنی رگھو رام ریڈی بہوئیں ہیں۔ دونوں بہوؤں نے خسر کے حق میں علحدہ علحدہ مہم چلائی اور عوام کی کثیر تعداد شریک رہی۔ اپنے خسر کی کامیابی کیلئے گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور اپنے خسر کی سماجی خدمات کو اجاگر کررہے ہیں۔ تقاریر میں دونو بہوئیں اپنے خسر کی تعریف کے پُل باندھ رہی ہیں۔1