کورٹلہ ۔ 2 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سسر کے انتقال کے دو گھنٹے بعد نوجوان داماد کی ہارٹ اٹیک سے موت ہوگئی۔یہ افسوسناک واقعہ تلنگانہ کے کورٹلہ ٹاون میں پیر کو پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق رحیم پورہ کے رہنے والے محمد صادق کا چند دن قبل برین اسٹروک ہوا تھا ان کے داماد محمد عارف ساکن پولاس نے انہیں علاج کے لئے کریم نگر کے ہاسپٹل منتقل کیا تھا۔ جہاں ان کی سرجری کے بعد تین دن قبل ہی کورٹلہ میں واقع ان کے مکان منتقل کیا تھا پیر کی صبح دوبارہ طبعیت خراب ہو گئی۔ ان کے داماد محمد عارف انھیں ہاسپٹل لے جانے کی تیاری کررہے تھے کہ محمد صادق کا صبح 8 بجے کے قریب انتقال ہو گیا۔سسر کے انتقال سے پریشان محمد عارف نے تمام رشتہ داروں کو اس کی اطلاع دی اور اسی ٹاون میں رہنے والے اپنے بڑے بھائی کے مکان پہنچے۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد عارف پسینہ میں شرابور ہوگئے تھے اور بھائی کے مکان پہنچنے کے بعد پلنگ پر لیٹ گئے اس دوران ہی انھیں شدید قلب پر حملہ ہوا۔جس کے باعث ان کی بھی موت ہوگئی۔ اس طرح دو گھنٹے کے اندر سسر اور داماد کے انتقال پر متوفی کے خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ بعد نماز ظہر سسر کی کورٹلہ میں تدفین عمل میں لائی گئی اور بعد نماز عصر پولاس میں داماد کی تدفین ہوئی۔ محمد عارف کو ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہے اور بیوی حاملہ ہے اس واقعہ کے بعد کورٹلہ ٹاون میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
سرکاری اسکولوں میں مفت برقی سربراہی کا مطالبہ
کورٹلہ ۔ 2 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) روی کنٹی باؤن کمار ایگزیکٹیو ممبر فورم فار ٹیچرس رائٹس نے ریاستی حکومت سے تمام گورنمنٹ اسکولوں میں مفت برقی سپلائی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ اسکولوں میں برقی بل ناقابل برداشت آرہی ہے۔ سرکاری اسکولس ان بلوں کی ادائیگی کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کی اب تک جو برقی بل ادا شدنی ہے۔ اس برقی بل کو فوری معاف کرنے کی اپیل کی۔ اس اجلاس میں چندرا موہن ریڈی، ڈی وینو، سرینواس، پربھاکر، وینو گوپال گوڑ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔