خشوگی قتل :16 افراد کے امریکہ آنے پر امتناع

   

واشنگٹن ۔ 9 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) یو ایس اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے 16سعودی شہریوں کے امریکہ آنے پر یہ کہہ کر پابندی عائد کردی کہ صحافی جمال خشوگی کے قتل میں اُن لوگوں کا کوئی نہ کوئی رول ضرور ہے ۔ یاد رہے کہ جمال خشوگی کے قتل پر ٹرمپ انتظامیہ کو آج بھی سخت تنقید وں کا سامنا ہے ۔ متوفی خشوگی واشنگٹن پوسٹ کے معروف کالم نگار تھے ۔ یاد رہیکہ گزشتہ سال 2 اکتوبر کو جمال خشوگی استنبول میں واقع سعودی سفارتخانہ کی عمارت سے غائب ہوگئے تھے اور بعد میں پتہ چلا تھا کہ اُن کا وہیں قتل کرکے نعش کو بھی ٹھکانے لگایا جاچکا ہے ۔ قتل کیلئے مبینہ طورپر 15 ارکان کی ایک ٹیم ریاض سے ترکی روانہ کی گئی تھی ۔ اس قتل پر سعودی کا شاہی خاندان بھی شک کی زد میں آگیا تھا ۔ خصوصی طورپر ولیعہد محمد بن سلمان کی شبیہ بگڑ گئی تھی جس کی درستگی کیلئے انھوں نے گزشتہ سال نومبر میں کئی مسلم ممالک کے دورے بھی کئے تھے ۔