سرینگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان کی جماعت جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کی بحالی کے لئے پرامن جمہوری اور قانونی جدوجہد میں مصروف ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں پانچ اگست 2019 کی برسی کے موقع پر نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹرز نوائے صبح کمپلیکس میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کہی ہے ۔پارٹی کے ترجمان کے مطابق فاروق عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفے ٰ کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کے علاوہ کئی سرکردہ لیڈران اور عہدیداروں نے شرکت کی ہے ۔