نظام آباد:15؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد میونسپل کارپوریشن آفس پر منعقدہ ہونے والے خصوصی اجلاس کے پیش نظر ضلع کلکٹر ایلا تریپاٹھی نے اتوار کے روز کارپوریشن کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس خصوصی اجلاس میں نومنتخب کارپوریٹرس کے علاوہ ایکس آفیشیو ارکان کی حیثیت سے ارکان پارلیمنٹ، ارکان قانون ساز کونسل اور ارکان اسمبلی شرکت کریں گے۔ کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے حکام کو ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن کی جاری کردہ رہنمایانہ ہدایات کے مطابق تمام انتظامات مؤثر اور منظم انداز میں مکمل کئے جائیں۔انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے ساتھ ساتھ بودھن، آرمور اور بھیمگَل میونسپلٹیوں میں بھی خصوصی اجلاس کے انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہونے دی جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے سخت سیکوریٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔کلکٹر نے بتایا کہ خصوصی اجلاس صبح 11 بجے شروع ہوگا۔ جہاں اسپیشل آفیسرز نومنتخب کارپوریٹرس اور کونسلرس سے حلف برداری کروائیں گے۔ اس کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن کے ضوابط کے مطابق دوپہر 12:30 بجے میئر و ڈپٹی میئر اور چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات منعقد ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ انتخابی عمل مکمل شفافیت کے ساتھ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق انجام دیا جائے گا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر دلیپ کمار، آر ڈی او راجندر کمار اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔