ودودرہ، 7 فروری (آئی اے این ایس) رائل چیلنجرز بنگلوروکی آف اسپن بولنگ آل راؤنڈر شریَنکا پٹیل نے کہا کہ ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2026 کی ان کی فتح ‘‘انتہائی خاص’’ ہے اور انہوں نے اس کامیابی کو ٹیم کی کپتان اسمرتی مندھانا کے نام وقف کیا، جنہوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی مشکلات کا سامنا کیا۔ ودودرہ کے بی سی اے اسٹیڈیم میں دہلی کیپیٹلز کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ آر سی بی نے اپنا دوسرا ڈبلیو پی ایل خطاب اپنے نام کیا۔ اسمرتی مندھاناکی87 اور جارجیا وول کی 79 رنزکی اننگز ہدف کے تعاقب میںکلیدی ثابت ہوئیں۔ شریَنکا نے براڈکاسٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا میں تین لوگوں کا خاص طور پر ذکرکرنا چاہوں گی ، سب سے پہلے اسمرتی، کیونکہ وہ پچھلے چند ماہ میں بہت کچھ جھیل چکی ہیں۔ میں یہ کامیابی ان کے نام وقف کرنا چاہتی ہوں۔ مالو اور انیا۔ آج انیا کے بیٹے کی سالگرہ ہے ، اس کا پہلا سال ہے اور پھر مالو یہ ان کا ہیڈ کوچ کے طور پر پہلا موقع ہے، اور یہ ہم سب کے لیے ایک خاص کامیابی ہے۔ شریَنکا، جو پنڈلی کی چوٹ کے باعث گزشتہ سیزن سے محروم رہنے کے بعد اس سال ٹیم میں واپس آئیں، نے کہا کہ یہ فتح ان کے لیے خاص طور پر معنی رکھتی ہے۔ یہ میرے لیے بہت خاص ہے۔ اس سے بہتر میں کچھ نہیں مانگ سکتی تھی۔ یہاں کا شاندار ہجوم ہر حال میں ہمارا ساتھ دیا۔ اسکور بورڈ پر200 رنز تھے لیکن پھر بھی ان کو ہم پر یقین اور اعتماد تھا۔ میں ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو ہمارا حوصلہ بڑھاتا رہا۔ بنگلورو اور کرناٹک میں ہمیں دیکھنے والوں کا بھی دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں،’’ انہوں نے کہا۔انہوں نے مزید کہا کہ 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈگ آؤٹ کا مثبت ماحول نہایت اہم ثابت ہوااور ہم نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں بڑا ہدف حاصل کیا۔