خطاط، مصور اور شاعر صادقین کی دنیا بھر میں منفرد شناخت

   

روزنامہ سیاست میں عالمی شہرت یافتہ خطاط کے فن پاروں کی نمائش، جناب عامر علی خاں کا خطاب

حیدرآباد 17 ستمبر (سیاست نیوز) عالم خطاطی کے عظیم خطاط، مصوری کی دنیا کے قدآور مصور اور دنیائے ادب کے ممتاز شاعر سید صادقین احمد نقوی مرحوم کے فن پاروں کی نمائش ’’گیسوئے اُردو‘‘ کا نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر طلباء وطالبات، ریسرچ اسکالرس اور فن خطاطی کا ذوق رکھنے والے مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دوپہر دو بجے تا شام 6 بجے تک جاری رہی اس نمائش میں صادقین کے تقریباً 75 فن پاروں کو رکھا گیا۔ خاص طور پر سورہ رحمن کی آیات کو صادقین نے خطاطی کے 32 انداز میں تحریر کیا اور ان فن پاروں کی نقول شرکاء کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ اس نمائش کا اہتمام روزنامہ سیاست نے صادقین میموریل ٹرسٹ دہلی کے اشتراک و تعاون سے کیا۔ اس موقع پر دانشور جناب محمد علی حیدر نقوی بھی موجود تھے جو خود صادقین میموریل ٹرسٹ دہلی کے صدرنشین ہیں۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صادقین کو اللہ عزوجل نے غیرمعمولی صلاحیتوں سے نوازا تھا۔ انھوں نے بیک وقت شاعر، مصور اور خطاط کی حیثیت سے دنیا بھر میں اپنی ایک علیحدہ شناخت بنائی تھی۔ ہندوستان میں جہاں ایم ایف حسین اپنے فن کے ذریعہ قدردانِ مصوری کے دلوں پر حکومت کرتے تھے اسی طرح پاکستان میں صادقین اپنی پاکیزہ سوچ و فکر، اپنے خیالات، اپنے الفاظ، اپنی رباعیات قرطاس و قلم سے اپنے مقدس رشتے، کینوس مصوری سے اپنے تعلق خاطر اور فن خطاطی میں اپنی مہارت و خداداد صلاحیتوں کے ذریعہ دانشوروں سے لے کر ایک عام شہری کے دل بھی جیت لئے۔ جناب عامر علی خاں نے یہ بھی یاد دلایا کہ دورہ ہند کے موقع پر انھوں نے بطور خاص روزنامہ سیاست کا دورہ کیا اور بانی روزنامہ سیاست جناب عابد علی خاں مرحوم اور جناب محبوب حسین جگر مرحوم کی خواہش پر سیاست کے مختلف صفحات پر شائع ہونے والے سپلیمنٹس وغیرہ کے عناوین خطاطی کی شکل میں پیش کئے جس کا مشاہدہ قارئین سیاست ہر روز کرتے رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ نمائش میں غالبؔ، اقبالؔ اور فیض کے کلام پر صادقین کی بنائی گئی پینٹنگس کے نمونے بھی رکھے گئے تھے۔ اس موقع پر مرحوم منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیرالدین خاں کے فرزند اکبر اصغر علی خاں بھی موجود تھے۔ انھوں نے جناب محمد علی حیدر نقوی کو سیاست کے گوشہ خطاطی کا دورہ کرایا جہاں خطاطی اور مصوری کے چوبی فن پاروں کو دیکھ کر وہ حیران رہ گئے اور ان نمونوں کو فن خطاطی اور مصوری کے نادر و نایاب فن پارے قرار دیا۔ انھوں نے مزید کہاکہ نیشنل جیو فزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد اور روزنامہ سیاست میں صادقین کی بنائی ہوئی جو پینٹنگس ہیں وہ شائد دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں۔ نمائش کے افتتاح کے موقع پر سیاست ٹی وی کے آپریشنل ہیڈ زاہد فاروقی، محمد ریاض احمد، فرزان احمد، محمد منیر، خالد محی الدین اسد اور دوسرے موجود تھے۔