سونا، نقد رقم، موٹر سائیکلس، موبائیل فونس ضبط، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) پولیس رچہ کنڈہ نے خطرناک عادی سارق غفار خاں عرف جگر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے ایک کیلو 850 گرام سونا ، ایک لاکھ 90 ہزار روپئے نقد رقم ، موٹر سائیکل، 10 موبائیل فونس جملہ93 لاکھ6260 روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے بتایا کہ 28 سالہ غفار خاںعرف جگر ساکن عالیجاہ کوٹلہ کے ساتھ مسروقہ سامان کو خریدنے والے شخص 32 سالہ سید خواجہ پاشاہ کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ 19 اور 23 نومبر کی رات سرور نگر پولیس حدود میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی تھی ایک مکان سے 20 تولے سونا چوری کرلیا گیا تھا۔ اس شکایت کے بعد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے مقام کا جائزہ لیا اور ایڈیشنل کمشنر کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں قائم کرتے ہوئے سارق کی تلاش شروع کی گئی۔ علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کو حاصل کیا گیا اور تلاش کی گئی۔ پولیس نے ایک اشارہ حاصل ہونے پر غفار خاں عرف جگر کو شک کو دائرہ میں لے لیا جو موٹر سائیکل پر مشتبہ انداز میں گشت کررہا تھا۔ پولیس نے فوری اس کو گرفتار کرلیا۔ جگر عادی مجرم ہے جو کئی مرتبہ جیل کی سزا کاٹ چکا ہے اور اس کے خلاف حیدرآباد پولیس کمشنر نے سال 2018 میں پی ڈی ایکٹ نافذ کیا تھا ۔ رچہ کنڈہ میں تین، سائبرآباد میں 8 اور حیدرآباد حدود میں اس نے 10 وارداتیں انجام دیا تھا ،اس کے علاوہ اس نے سرور نگر میں ایک ،بالا پور میں 4 ، چیتنہ پوری میں 3 ، حیات نگر میں 3 ، پہاڑی شریف میں ایک ، ونستھلی پورم میں ایک اور آر جی آئی ایرپورٹ حدود میں 4 ، شمس آباد میں ایک ، مائیلاردیو پلی میں 4 ، راجندر نگر میں 2 اور معین آباد میں ایک واردات کا جرم قبول کیا ہے۔ ع