حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : حیات نگر پولیس نے خطرناک عادی سارق کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ اور اس کے قبضہ سے 13 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مہیش بھاگوت نے اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 50 سالہ کے ستیہ نارائنا ساکن چندا نگر کا تعلق آندھرا پردیش کے مشرقی گوداوری سے ہے ۔ ستیہ نارائنا کو سابق میں کئی مرتبہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیجا تھا اور اسے سزا بھی ہوئی تھی ۔ جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگیا اور رچہ کنڈہ کے علاقہ چیتنیہ پوری ، سرور نگر ، ایل بی نگر ، چندرا پوری کالونی ، ونستھلی پورم اور دیگر علاقوں میں مقفل مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے سرقہ کی وارداتیں انجام دیں ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ ستیہ نارائنا جملہ 33 وارداتوں میں ملوث ہے اور اس کے قبضہ سے 26 تولے طلائی زیورات ، دیڑھ کلو چاندی ، 87 ہزار نقد رقم ، مسروقہ موٹر سیکلیں اور دیگر اشیاء جن کی مالیت 13 لاکھ 80 ہزار ہے ضبط کرلی ۔۔