پیرس۔ فرانس کے ایک قصبہ کے میئر نے کہا ہے کہ مونٹ بلینک پہاڑ کے حالات اتنے خطرناک ہیں کہ پہاڑ پر چڑھنے کے خواہشمندوں کو 15 ہزار یورو پیشگی ادا کرنے چاہیں تاکہ کسی بھی مشکل صورتحال میں انھیں ریسکیو کرنے یا موت کی صورت میں ان کی آخری رسومات کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔ خیال رہے کہ مونٹ بلینک پہاڑی سلسلے میں فرانس اور اٹلی میں چار ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں ہیں اور یہ ہر سال لاکھوں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔ ڑاں مارک پیئکس فرانس کے سینٹ گروائس قصبے کے میئر ہیں جو ایک پہاڑ کے دامن میں واقع ہے جس کی اونچائی 4800 میٹر سے زیادہ ہے۔ انھوں نے تصدیق کی کہ انتباہ کو نظر انداز کرنے والے جوا کھیلنے والوں کی مانند ہیں۔ گرمی کی لہر نے وہاں پتھر گرنے کا امکان بڑھا دیا ہے۔ میئر پیئکس نے کہا کہ ریسکیو کی اوسط لاگت 10,000 یورو جبکہ جنازے اور تدفین کے اخراجات 5,000 یورو تک ہیں۔